دبئی اور ترکی میں نماز جمعہ کی ادائیگی پر پابندی عائد کردی گئی

الرٹ نیوز: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر تمام عبادت گاہوں میں 4 ہفتوں کے لیے عبادات پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

یو اے ای کے محکمہ اوقاف و اسلامی امور اور نیشنل ایمرجنسی برائے کرائسس اینڈ ڈیزاسٹرز منیجمنٹ اتھارٹی کے فیصلے کے مطابق آج سے 4 ہفتوں کے لیے تمام عبادت گاہیں بند رہیں گی۔

یو اے ای کے محکمہ اوقاف و اسلامی امور کے مطابق مساجد میں پانچوں وقت کی نمازیں بشمول جمعے کی نماز نہیں ہوگی اور اذان کے وقت بھی مساجد کے دروازے بند رہیں گے جب کہ اذان کے بعد 2 مرتبہ گھر میں ہی نماز پڑھنے کا اعلان کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق یہ فیصلہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کے تحت کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں 98 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔ یو اے ای نے کورونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر نئے ویزوں کا اجراء بھی عارضی طور پرروک دیا ہے۔ حکام کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر لبنان، ترکی، شام اور عراق سے آنے والی پروازوں پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے جب کہ تمام اسکول اور تعلیمی ادارے پہلے ہی 4 ہفتوں کے لیے بند کیے جاچکے ہیں۔

دوسری جانب ترکی کی مساجد میں نماز جمعہ اور باجماعت نماز کی ادائیگی معطل کر دی گئی۔ ترک حکام کے مطابق مساجد کھلی رہیں گی اور انفرادی عبادات کی اجازت ہوگی مگر نماز جمعہ سمیت کسی بھی باجماعت نماز کی اجازت نہیں ہوگی۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *