کراچی(الرٹ نیوز)ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید قریشی نے کہا ہے کہ حضرت قائدِ اعظم محمد علی جناح کے ویژن کے مطابق پاکستان کو جدید تعلیم و تحقیق سے روشناس کراکے ترقی یافتہ ملک بنانا ہے۔اس کے لیے خود بانی پاکستان نے طلبا پر ذمہ داری عائد کی ہے، ڈاؤ یونیورسٹی اپنے طلبا کی تربیت قائدِ اعظم کے ویژن کے مطابق کرتی ہے، تقریری مقابلے بھی اس تربیت کا حصہ ہیں، یہ بات انہوں نے ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے ڈاؤ میڈیکل کالج میں آراگ آڈیٹوریم میں جشنِ آزادی کے سلسلے میں ہونے والے تقریری مقابلے میں بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر پروفیسر سنبل شمیم ، پروفیسر فوزیہ امتیاز، پروفیسرمکرم علی سمیت سینئر فیکلٹی میمبرز اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔
جشنِ آزادی کے سلسلے میں ہونے والے تقریری مقابلوں میں ڈاؤ کالج آف فارمیسی کے محمد انس اور طوبیٰ احمد نے بطور ٹیم پہلی پوزیشن حاصل کی،جبکہ ڈاؤ میڈیکل کالج کی ٹیم شہیرا اقبال اور ایمن اقبال مجموعی طورپر دوسرے نمبر پر رہے، جبکہ انفرادی انگریزی تقریری مقابلوں میں ڈاؤ میڈیکل کالج کے نافع صدیقی پہلے ، ڈاؤ کالج آف فارمیسی کی طوبہ احمد دوسرے اور ڈاؤ کالج آف فارمیسی ہی کی طالبہ فاطمہ عابدی تیسرے نمبر پر رہیں، جبکہ اردو تقریری مقابلوں میں ڈاؤ ڈینٹل کالج کی اقصی پہلے، ڈاکٹر عشرت العباد خان انسٹیٹیوٹ آف اورل ہیلتھ سائنسز کے حمزہ دوسرے جبکہ ڈاؤ میڈیکل کالج کی طالبہ شہیرہ نے بالترتیب تیسرے پوزیشن حاصل کی ۔
تقریبِ تقسیمِ انعامات کے موقع پر مزید بات کرتے ہوئے پروفیسر محمد سعید قریشی نے طلبا کی تقاریر کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ طلبا کی یہی تقاریر ڈاؤ یونیورسٹی کا نام روشن کرتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ طبی تعلیم کے ساتھ قومی جذبے سے سرشار طلبا بھی ڈاؤ یونیورسٹی کی پہچان ہیں، طلبا نے تقاریر میں کہا کہ پاکستان سے محبت کے بغیر تعلیم سجتی ہے نہ ترقی، پاکستان ہے تو ہم ہیں، یہ خاکِ وطن ہے جو ماتھے پر لگانے سے دنیا میں ہماری عزت بڑھتی ہے،اس وطن نے ہمیں پہچان ہی نہیں عزت ، شہرت اور بہت کچھ دیا ہے، اس دھرتی کا قرض ہم اپنی جان دے کر بھی ادا کرسکتے۔