کراچی کنگز نےلاہور قلندرز کو دس وکٹوں سے شکست دے دی

کھیل الرٹ: پاکستان سپر لیگ سیزن پانچ میں شرجیل خان نے ناقابل شکست 74 رنز اوربابراعظم نے 69 رنز بنا کر کراچی کنگز کوفتح دلوادی۔لاہور قلندرز کو دس وکٹوں سے شکست ہو گئی۔

نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ایونٹ کے 26 ویں میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر لاہور قلندر کو بیٹنگ کی دعوت دی۔لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے 17رنز بنانے والے فخر زمان کے ساتھ 49 رنز کی شراکت قائم کی لیکن کرس لین 5اور بین ڈنک 9 رنز تک محدود رہے جبکہ 15ویں اوور میں سہیل اختر 8 چوکوں اور 2 چھکوں سمیت 68 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے تو چار وکٹیں 108رنز پر گر چکی تھیں۔

اگرچہ محمد حفیظ نے 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل شکست 35 رنز کا اضافہ کیا لیکن مجموعی سکور پانچ وکٹوں پر 150رنز تک ہی پہنچایا جا سکا۔عمید آصف اور ارشد اقبال نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی اوپننگ جوڑی شرجیل خان اور بابر اعظم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 18ویں اوور کی پہلی گیندپر اپنی ٹیم کو10 وکٹوں سے کامیابی دلا دی جو 9 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر فائز ہو گئی جبکہ لاہور قلندرز کو چوتھے نمبر پر کھسکنا پڑا۔ پلیئر آف دی میچ شرجیل خان نے 5چوکوں اور5چھکوں کی مدد سے 74 اور بابر اعظم نے 8چوکوں اور ایک چھکے سمیت 69 رنز بنائے ۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *