کراچی : بُرکلن کرکٹ لیگ کے افتتاحی میچ سے پہلے پروفیسر ڈاکٹر سعیدالدین، چیئرمین، انٹر بورڈز اسپورٹس کمیٹی اور چیئرمین، بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن کراچی نے بُرکلن کرکٹ لیگ کا دورہ کیا اور طلبہ میں گھل مل گئے۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ کھیلتے کودتے بچے صحت مند زندگی کی علامت ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے مزید کہا کہ اب میں تمام بورڈز کی اسپورٹس ایکٹیویٹیز کا ہیڈ بھی ہوں، تو میری سر پرستی اور رہنمائی بُرکلن سیکنڈری اسکول میں پڑھنے والے تمام طلباء و طالبات کو بھی حاصل رہے گی۔ اس طرح کے ایونٹس سے ہی نوجوان ٹیلنٹ سامنے آ کر پاکستان کا نام روشن کرتا ہے۔
انٹر بورڈز اسپورٹس کمیٹی، اس بات پر خصوصی توجہ دے رہی ہے کہ پاکستان میں بسنے والے طلبہ مختلف صوبوں اور شہروں میں رہ کر ایک دوسرے سے محبت کریں اور طلبہ جب دوسروں صوبوں اور شہروں میں جا کر کھیلتے ہیں تو ایک دوسرے سے نفرت کے بجائے، دوستی، بھائی چارے اور محبت کی فضا قائم ہوتی ہے۔
مزید پڑھیں : پی ڈی ایم نے ڈنکے کی چوٹ پر عمران خان کو نکالا ہے : مولانا فضل الرحمان
اسپورٹس سے وابستگی کے بعد طلبہ اپنی فزیکل فٹنس کا بھی خاص خیال رکھتے ہیں اور وُہ نشہ آور چیزوں سے بھی دور رہتے ہیں۔بُرکلن سیکنڈری اسکول کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ارشد ملک نے کہا کہ نصابی سر گرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیاں بھی طلبہ کے لئے بے حد ضروری ہیں۔ طلبہ کو ان مقابلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیئے ۔ اس سے ایک جانب طلبہ میں مقابلے کا رحجان پیدا ہوتا ہے اور دوسری جانب ان میں موجود چھپی ہوئی صلاحیتیں نکھر کر سامنے آتی ہیں اور ساتھ ساتھ اعتماد بھی بحال ہوتا ہے۔ اس لئے والدین کو چاہیئے کہ اس طرح کی سرگرمیوں میں نہ صرف اپنے بچوں اور بچیوں کو کو آگے آنے کا موقع دیں بلکہ اس طرح کے مقابلوں کے لئے اسکول انتظامیہ کے ساتھ تعاون بھی کریں۔
اسکول کی پرنسپل شیفونہ اشرف اور وائس پرنسپل افشین خلیل نے اس بات پر خصوصی زور دیا کہ اسکول انتظامیہ اور والدین کے باہمی اشتراک سے ہی اس طرح کی سرگرمیاں کامیابی سے ہمکنار ہوتی ہیں اور طلبہ کا فن بھی سامنے آتا ہے۔ اساتذہ کرام نے بھی طلبہ کے ساتھ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
آخر میں پر وفیسر ڈاکٹر سعید الدین، چیئرمین، انٹر بورڈزاسپورٹس کمیٹی نے بُرکلن سیکنڈری اسکول کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر و ماہرِ تعلیم ارشد ملک کو بُرکلن کرکٹ لیگ ٹرافی پیش کی اور طلبہ میں انعامات بھی تقسیم کئے۔
امپائرنگ سر شفیق احمد خان،کمینٹری سر منصور عالم خان، فوٹو گرافرز آصف چھیپا و محمد سعد ملک اور معاونت کے فرائض مس روبینہ نور ومس سدرہ نجیب نے بخوبی انجام دیئے۔ طلبہ نے بھی بڑے جوش و خروش کے ساتھ کر کٹ لیگ میں حصہ لیا اور اپنے صلاحیتوں کے جوہر دکھا کر خوب داد سمیٹی۔اس طرح بُرکلن کرکٹ لیگ کامیابی سے اختتام پذیر ہوئی۔