لاہور : چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان ‛ خطیب بادشاہی مسجد مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے کہا ہے کہ مفتی اعظم پاکستان مولانا مفتی رفیع عثمانی پاکستان ہی نہیں بلکہ عالم اسلام کے عظیم اثاثہ تھے ، ان کی دینی، ملی اور علمی خدمات جو عالم اسلام کے لیے تھی ان کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
اس امر کا اظہار انہوں نے شیخ السلام پاکستان مولانا مفتی تقی عثمانی سے دوران ملاقات ان کے بڑے بھائی مفتی اعظم پاکستان مولانا مفتی رفیع عثمانیؒ مرحوم و مغفور کی وفات پر دوران ملاقات اظہار تعزیت کرتے ہوئے کیا ۔
مذید پڑھیں : انٹر بورڈ : پری میڈیکل کے 24151 میں سے 58.77 فیصد طلباء کامیاب قرار
مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ مفتی اعظم پاکستان حضرت مولانا مفتی رفیع عثمانی ؒ اور ان کا پورا خاندان پاکستان بنانے میں ایک عظیم کردار رکھتا ہے ۔ ہم شیخ السلام مفتی تقی عثمانی اور مفتی اعظم پاکستان مفتی رفیع عثمانیؒ مرحوم کے بیٹے مفتی زبیر عثمانی اور ان کے خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
دوران ملاقات مفتی عطاءالرحمن، مفتی یوسف کشمیری، صاحبزادہ اجمل عباس، حافظ عبدالمجید اور مولانا ہارون بھی موجود تھے ۔ آخر میں مفتی اعظم پاکستان مولانا رفیع عثمانی کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔