کراچی : دارالعلوم کراچی اور وفاق المدارس العربیہ کے مہتمم مفتی رفیع عثمانی کے انتقال پر مجلس وحدت مسلمین کے چیئرمین علامہ راجہ ناصرعباس جعفری سمیت دیگر مرکزی وصوبائی قائدین نے افسوس اورتعزیت کا اظہار کیا ہے۔
میڈیا سیل سے جاری اپنے مشترکہ تعزیتی پیغام میں چیئرمین ایم ڈبلیو ایم علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہاکہ ممتاز عالم دین مفتی محمد رفیع عثمانی کی وفات پر دلی غم اور دکھ کا اظہار اور غمزدہ خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہیں مفتی اعظم محمد رفیع عثمانی کی اعلیٰ علمی و دینی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا علمی حلقوں میں انکی شخصیت کو نمایاں مقام حاصل تھا۔
وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہاکہ معروف عالم دین مفتی اعظم محمد رفیع عثمانی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار اور آپ کے خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہیں آپ کی وفات سے پیدا ہونے والا خلاء مدتوں بعد بھی پر نہیں ہو سکے گا ۔ تحریر و تحقیق کے شعبہ میں آپ کی عالمانہ خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
مذید پڑھیں : محکمہ تعلیم کالجز میں 1500 انٹرنیز اساتذہ بھرتی کی تیاری مکمل
مرکزی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیوایم سید ناصر عباس شیرازی نے کہاکہ جامعہ دارالعلوم کراچی کے رئیس مفتی محمد رفیع عثمانی کے انتقال پر دلی رنج و غم جبکہ پسماندگان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں آپ کی وفات سے ملک ایک معتدل اور بلند پایہ عالم دین سے محروم ہو گیا ہے حضرت مولانا کی اسلام کے لیے گراں قدر خدمات ناقابل فراموش ہیں۔
صدر ایم ڈبلیو ایم صوبہ سندھ علامہ باقر عباس زیدی نے کہا کہ مفتی رفیع عثمانی کا شمار علمی حلقوں کی بلند قامت شخصیات میں ہوتا تھا، دارالعلوم جیسی جدید و شاندار درسگاہ ان کی علم دوستی کی بہترین مثال ہے، ان کے پسماندگان کو اس عظیم سانحہ ارتحال پر تعزیت وتسلیت پیش کرتے ہیں۔
صدر ایم ڈبلیو ایم کراچی علامہ صادق جعفری نے کہا کہ مفتی رفیع عثمانی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مفتی رفیع عثمانی کی اشاعت دین کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں وہ ایک معتدل عالم دین تھے، خدا مرحوم کی مغفرت فرمائے۔