سرگودھا : سرگودھا یونیورسٹی میں نوویں کانووکیشن 2022 کا انعقاد ہوا ۔ جس میں 59 ہزار 797 طلباء و طالبات کو ڈگریاں تفویض کی گئیں ۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کانووکیشن کی صدارت کی جبکہ چینی قونصلیٹ جنرل لاہور زاؤ شیرین بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔
پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانووکیشن کا یہ خوبصورت لمحہ طلبہ کے خوابوں تعبیر کا دن ہے۔بطور وائس چانسلر ڈگری حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور میں اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ گریجویٹ طلبہ اپنے شعبوں میں تعمیری کردار ادا کر تے ہوئے ملک و قوم کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔
ڈاکٹر قیصر عباس نے مزید کہا کہ سرگودھا یونیورسٹی معیاری تعلیم و تحقیق، تعلیمی برتری، جدید تحقیق،علوم کی منتقلی اور بین الاقوامی تشخص کو اجاگر کرنے کا مثالی ادارہ بن کر سامنے آئی ہے۔ سرگودھا یونیورسٹی نے 20 سالوں میں عالمی افق پر فقید المثال کامیابیاں سمیٹی ہیں جبکہ کامیابی کے اس سفر کو مزید تیز کریں گے۔
مذید پڑھیں : وفاقی اردو یونیورسٹی کو آئینی بحران سے بچانے کیلئے چانسلر سے مداخلت کی اپیل : اراکین سینیٹ
انہوں نے مزید کہا کہ سرگودھا یونیورسٹی نے ہنر مند افرادی قوت کی فراہمی، زرعی تحقیق اور کمیونٹی سروسز کے ذریعے پنجاب بالخصوص سرگودھا کی آبادیاتی اور معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، بطور وائس چانسلر سرگودھا یونیورسٹی کے تدریسی و تحقیقی نظام میں جدت، اکڈیمیا انڈسٹری روابط اور قومی و بین الاقوامی اداروں کے ساتھ باہمی تعاون کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کروں گا۔ میرا یقین ہے کہ قومی و بین الاقوامی شراکت داری سے سرگودھا یونیورسٹی کو عالمی افق پر مزید ترقی کے مواقع ملیں گے۔
مستقبل کی ترجیحات واضح کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ طلبہ ہمارا قومی اثاثہ ہیں، ان کے مستقبل کو تابناک بنانے کیلئے جاب فیئرز کا اہتمام کیا جائے گا، سرگودھا یونیورسٹی کی خوش قسمتی ہے کہ یہاں سے اب تک چار لاکھ سے زائد طلبہ گریجویٹ ہو چکے ہیں، فارغ التحصیل طلبہ ہمارا فخر ہیں اور ان کیلئے جلد ہی ایلومنائی کلب کی بنیاد رکھی جائے گی، اسی طرح سرگودھا شہر کی ترقی کے لیے کمیونٹی سروس کو فروغ دیا جائے گا۔
زاؤ شیرین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم بہترین سرمایہ کاری ہے جبکہ طلبہ کسی بھی قوم کی معاشرتی و اقتصادی ترقی کا زینہ اور اثاثہ ہیں۔ انہوں نے گریجویٹ طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ طلبہ عملی زندگی میں اپنے اہداف کا حصول ممکن بنائیں گے۔ قونصلیٹ جنرل نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ چینی قونصلیٹ کے اشتراک سے سرگودھا یونیورسٹی میں کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کام کر رہا ہے جبکہ یہاں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف چائنہ سٹڈیز بھی قائم ہے جہاں طلبہ کو چینی زبان سکھائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرگودھا یونیورسٹی کے ساتھ مل کر مستقبل میں مشترکہ مفادات کے حامل مزید منصوبوں پر کام کریں گے جس سے دونوں دوست ممالک کے درمیان تعلقات میں مزید گہرے ہوں گے۔
مذید پڑھیں : موساد کی ایماء پر یہودیت کیخلاف لکھنے والے ” ہارون یحییٰ ” کو 8 ہزار برس قید
نوویں کانووکیشن میں مجموعی طور پر 7 فیکلٹیز کے تقریباََ 59 ہزار 797 طلبا ء و طالبات کو ڈگریاں تفویض کی گئیں ۔جن میں فیکلٹی آف آرٹس اینڈ ہیومینٹیز کی 25653، فیکلٹی آف سوشل سائنسز کی12671، فیکلٹی آف سائنس کی 17616، فیکلٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کی1481، فیکلٹی آف ایگریکلچر کی981 اور فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی 851 ڈگریاں شامل ہیں۔
اس مرتبہ 151 طلبہ نے پی ایچ ڈی، 1656 نے ایم ایس/ایم فل/ایم ایس سی آنر/ایل ایم ایم، 22774 نے ایم اے /ایم ایس سی، 13692 نے بی ایس/بی ایس سی آنر/بی بی اے جب کہ 21524 نے بی اے /بی ایس سی پروگرامز کی ڈگریاں حاصل کیں۔
کانووکیشن میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے 415 طلبہ میں بالترتیب گولڈ، سلور اور برانز میڈل اور انعامات تقسیم کیے گئے۔
تقریب میں سابق و بانی وائس چانسلر سرگودھا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ریاض الحق طارق، وائس چانسلر میر چاکر خان رند یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی ڈی جی خان پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم،عمائدینِ شہر، شعبہ صحافت کے نمائندگان،سرگودھا یونیورسٹی کے عہدے داران و فیکلٹی ممبران اور گریجویٹ طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔طلبہ نے کانووکیشن کے موقع پر بھرپور جوش و خروش کا مظاہرا کرتے ہوئے اپنی کامیابی کے لمحات کو یادگار بنایا ۔