کراچی : جامعہ این ای ڈی کے تحت اکیسویں سالانہ محفل عید میلادالنبی(ص) کا انعقاد ہر برس کی طرح امسال بھی مرکزی آدیٹوریم میں کیا گیا، این ای ڈی ایمپلائز محفلِ میلاد کمیٹی کے تحت منعقدہ اس محفل عید میلادالنبی(ص) سے مفتی محمد اسماعیل نورانی اور ڈاکٹر عمیر محمود (رکن اسلامی نطریاتی کونسل) نے خطاب کیا۔
اس پُرنور محفل میں معروف نعت خواں قاری محسن قادری، سید حسن علی قادری، جواد اختر قادری، عدنان شیخ قادری اور ذوہیب علی اشرفی نے گلہائے عقیدت، نذرِ رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کیے۔ جامعہ ترجمان کے مطابق اس محفل کا باقاعدہ آغاز میزبان جواد اختر القادری کی نظامت میں تلاوت کلامِ الہی سے قاری عدنان شیخ نے کیا۔
اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے مفتی اسماعیل نورانی کا کہنا تھا کہ زمانے کے دلوں میں زندہ رہنا، اس بات کی دلیل ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم معراج انسانیت کے اعلی درجے پر فائز ہیں۔
مذید پڑھیں : مجاہد کالونی ایکشن کمیٹی نے وزیر اعلی ہاؤس تک احتجاجی ریلی کا اعلان کر دیا
ان کا کہنا تھا کہ صدیاں بیت چکی ہیں لیکن آج بھی زمانے کے قلوب و اذہان میں نقش رسول اللہ (ص) زندہ ہے۔ محفل عید میلادالنبی (ص) سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رسولِ خدا (ص) رحمت العالمین بنا کر بھیجے گئے. اُن کے ہر عمل کومومن کے لیے قابلِ تقلید قرار دیا گیا ۔
اس بابرکت محفل سے خطاب کرتے ہوئے رکن اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر عمیر محمود کا کہنا تھا کہ آخر الزماں نبی رسول اکرم (ص) کی ذات محورِ اتحاد ہے، یہی ذات اتحاد بین المسلمین کی اساس بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیماتِ رسول (ص) کی روشنی میں مسلمانوں کو دیگر اقوام سے بہتر نظر آنا چاہیے کیوں کہ یہی آقا کی خواہش اور کوشش تھی ۔
جامعہ این ای ڈی کے تحت منعقدہ اس محفل عید میلادالنبی (ص) کے موقعے پر معین الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل کا کہنا تھا کہ آج کے اس نفسا نفسی کے دور میں رسول اللہ(ص) کے کردار اور گفتار پر عمل کی ضرورت ہےتاکہ ہم معاشرتی بہتری کی جانب سفر کر سکیں۔
مذید پڑھیں :رواداری انسانی تقاضا اور فطرت کی پکار ہے ‛ تمام مذاہب نے رواداری پر زور دیا : علامہ ساجد علی نقوی
انہوں نے این ای ڈی ایمپلائز محفل ِ میلاد کمیٹی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جامعہ کے تحت منعقدہ میلاد کا مقصد معاشرے کو دین شناسی کے مواقعے فراہم کرنا ہے۔
اس موقع پر رجسٹرار سید غضنفر حسین سمیت بڑی تعداد میں طالب علموں سمیت جامعہ کے اساتذہ اور اسٹاف نے محفلِ میلاد میں شرکت کی۔اس محفل عید میلاد النبی کا اختتام محمد ایاز عطاری نے بارگاہ رب العزت میں دست دعا دراز کر کے کیا۔