کراچی : وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ کی خصوصی ہدایت پر انٹرنیشنل چلڈرن ڈے کے حوالے سے ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز سندھ اور آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے اشتراک سے تھیم بیسڈ چلڈرن ویک کے دوسرے روز ” نہ کوئی نشہ اور نہ کوئی بری عادت ” کے عنوان سے سندھ بھر کے اسکولز اور کالجز میں آگہی پروگرام اور اس لعنت سے چھٹکارا حاصل کرنے والی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا ہے ۔
اس بات کا اظہار پروفیسر رفیعہ جاوید ایڈیشنل ڈائریکٹر پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز سندھ نے کراچی میں منعقدہ مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہر ایک ذمہ دار کو بہت زیادہ سنجیدگی اور مہارت سے کام کرنے کی ضرورت ہے تب کہیں جا کر نشے کے بڑھتے ہوئے رجحان پر قابو پایا جا سکتا ہے نشہ جسمانی نقصان کے علاوہ خطرناک ذہنی امراض اور بھیانک معاشرتی نتائج کا سبب ہوتا ہے۔
آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حیدرعلی نے کہا کہ اساتذہ، والدین، میڈیا، انتظامیہ اور خود بچوں کو مستقل بنیادوں پر سائنسی انداز میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔ تعلیمی اداروں کے قرب و جوار میں تجارت کرنے والوں کو بھی اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔خوشبو دار اور مزیدار نشے بچوں کو زیادہ آسانی سے راغب کر لیتے ہیں ۔
مذید پڑھیں : اسلامیات کیلئے اقلیتی کوٹے پر اساتذہ بھرتی کرنے کا انوکھا اقدام
پینل ڈسکشن اور سوال و جواب کے سیشن میں ماہرین تعلیم اور طلبہ و طالبات نے بھرپور دلچسپی کے ساتھ ہر پہلو سے گفتگو کی۔جن میں نشے کی اقسام، پھیلنے اور پہچنے کے طریقوں، انفرادی اور اجتماعی نقصانات اور سدباب کے لیے اقدامات شامل تھے۔بچوں نے اس بری عادت سے دور رہنے کے تین وعدے بھی کیے ۔
تقریب میں ڈی جی پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز سندھ پروفیسر افضال انصاری ،مانیٹرنگ آفیسر اخلاق احمد، ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز سندھ کے سینئر افسران اور آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما دوست محمد دانش، محمد سلیم ، توصیف شاہ، محمد ساجد، اعجاز کاشف، اشفاق احمد، طاہرہ منصور، خان محمد، جمیل ہوت، امتیاز صدیقی، عادل بلوچ، امتیاز ڈوگر اور دیگر ایگزیکٹو اراکین بھی موجود تھے ۔