کراچی : حکومت سندھ نے روف صدیقی کی شہرہ آفاق کتاب سیرت خیرالبشر کو سندھی زبان میں ترجمہ کروانے اور سندھ کی تمام جامعات کے نصاب میں شامل کرنے کے لیے احکامات جاری کر دیئے ہیں ۔ سیرت خیرالبشر کو قومی اسمبلی اور سندھ اسمبلی میں نصاب میں شامل کرنے کے لیےمتفقہ قرار دادیں بھی منظور کی ہیں ۔
9 نومبر کو سابق وزیر داخلہ سندھ رؤف صدیقی نے وزیر اعلی سندھ کو ایک خط تحریر کیا جس میں لکھا تھا کہ اپنی کتاب سیرت خیرالبشر ﷺ آپ کی خدمت میں ارسال کر رہا ہوں ، مجھے امید ہے کہ آپ اسے پڑھ کر اپنے تبصرے وگراں قدر خیالات سے آگاہ فرمائیں گے ۔ اس کتاب کے جملہ حقوق نہ میرے لئے ہیں ، نہ میرے خاندان کیلئے ہیں اور نہ ہی تجارتی ، کمرشل مقاصد کیلئے ہیں بلکہ یہ کتاب امت مسلمہ کیلئے ہے اور جو بھی کیا ہے وہ اپنے اور اپنے ادارے کے نام سے سیرت خیر البشر ﷺ کی طباعت کرا سکتا ہے اور بطور ہدیہ دوسروں تک پہنچانے کا اہتمام کر سکتا ہے ۔
قومی اسمبلی پاکستان اور صوبائی اسمبلی نے’’سیرت خیر البشر ﷺ کو پاکستان کے تمام جامعات، کالجوں اور اسکولوں میں بطور نصاب شامل کرنے کے لئے متفقہ طور پر قرار داد میں بھی منظور کی ہیں ۔ آپ سے درخواست ہے کہ بحیثیت وزیر اعلی سندھ سیرت خیر البشر ﷺ کو بطور نصاب سندھ کی تمام جامعات کالجوں اور اسکولوں میں شامل کرنے کے لئے احکامات جاری فرما دیں ۔اور اس کتاب کا سندھی زبان میں ترجمہ کروائیں تا کہ لوگ اس سے مستفید ہوں ۔ مجھے امید ہے کہ آپ کی وزارت اعلی’’سیرت خیرالبیشر ‘‘ کو حصول ثواب کی نیت سے ضرور طبع کرائیگی ۔ اردو زبان کے علاوہ خیر البشر ﷺ کا عربی ،فارسی اور انگریزی زبانوں میں بھی ترجمہ ہو چکا ہے ۔
مزید پڑھیں : عمران خان اور وال اسٹریٹ جرنل !
علاوہ ان میں سعودی عرب اور عرب امارت نے بھی سیرت خیر البشر ﷺ پر این او سی جاری کر دیا ہے ۔ اللہ تعالی کے فضل سے یہ دنیا کی پہلی کتاب ہے جس کا سر ورق 3D Effect پر بنایا گیا ہے ۔ میری نیک تمنائیں آپ کے ساتھ ہیں۔
اس خط کے بعد وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے فورا ہی حصول ثواب کے لئے نیک کام میں حصہ شامل کیا ہے۔ جس کے بعد وزیر اعلی ہائوس کے سیکشن افسر پیر بخش جونیجو نے ایک لیٹر سیکرٹریز بورڈ اینڈ یونیورسٹیز کو ارسال کیا ہے جس میں بتایا ہے کہ وزیر اعلی سندھ نے منظوری دی ہے اور حکم دیا ہے کہ سیرت خیرالبشر کو سندھی زبان میں ترجمہ کروایا جائے اور کالجوں اور جامعات کے نصاب میں شامل کیا جائے ۔
اس پر سابق وزیر داخلہ سندھ رؤف صدیقی نے کہا ہے کہ میری کتاب جو سندھ کی جامعات میں نصابی طور پر شامل کیا جا رہا ہے ، اس پر میں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔