جمعرات, ستمبر 21, 2023
جمعرات, ستمبر 21, 2023
- Advertisment -

رپورٹر کی مزید خبریں

بلاگمیں اکیلا کھڑا ہوا ہوں!

میں اکیلا کھڑا ہوا ہوں!

ہاں یہ بات درست ہے کہ میں نے اوشو کو پڑھا
میں نے کافکا کو دیکھا
جب وہ اپنی بہنوں کو اسٹیج ڈرامے کے لئے اسکرپٹ لکھ کر دے رہا تھا

میں نے اسے محسوس کیا جس رات وہ بیدار ہوکر خود کو حشرات الارض میں تبدیل پا رہا تھا
میں نے نطشے کو بھی پسِ پُشت نہیں ڈالا
جبکہ یہ بے جوڑ ثابت ہوا اور یہ تسکین کے لئے کافی نہیں تھا

پر میں نے کوشش جاری رکھی یعنی سچ مچ
میں نے کوشش جاری رکھی کہ تمہاری کمی اور خاموشی کا کوئی جواز ان کتابوں سے پا سکوں
میں ورجینیا وولف سے بھی اتنا ہی متاثر ہوا جتنا میرا ظرف تھا

مجھے نہیں معلوم تمہیں میلان کنڈیرا، نجیب محفوظ اور رسول حمزہ توف کی سطریں کیسی لگتی ہیں؟

میں تلاشِ تسکین میں ناکام ہوتا آیا
اور پھر آخر کار میں نے گارسیا مارکیز کے مطالعے کے بعد چپ سادھ لی

مگر پھر بھی اتنی اذیت مجھے کسی چیز نے نہیں دی جتنی تمہاری خاموشی اور لاتعلقی نے دی

کتابوں نے مجھ پر اپنا اثر چھوڑ دیا
اب کبھی کبھی میرے کمرے میں حوزے گھومتا دکھتا ہے
اکثر جب میں سورہا ہوتا ہوں
میرے وجود کا کوئی نا کوئی حصہ میری کتابوں والے کمرے سے اورحان پاموک کا لکھا اٹھا کر لے آتا ہے

اس تنہائی میں خورخے لوئس بورخیس کو پڑھنے کا کوئی مطلب نہیں
نا ہی کارلوس کی کتب میں وہ باتیں ہیں جو تم لکھا کرتی تھیں

اب اتنی آنکھیں بھی نہیں بچیں کہ میں فیودور دستوئفسکی کی عبارتوں اور ہماری آخری بات چیت کے لئے الگ الگ رو سکوں
کاش میں نزار قبانی ہوتا تو تم میری باتوں کو زبان زدعام دیکھتیں

کاش میرا قاصد بھی وہی ہوتا جو خلیل جبران کا تھا
کاش تم میزیادہ کی طرح اپنے لمبے بال کاٹ لیتیں

کوئی شے تسکین کی نہیں
کوئی منظر وفا دار نہیں
کوئی رات وفا شعار نہیں
کوئی بات تکمیل کو نہیں پہنچ رہی

کوئی بھی فرد تمہاری کمی پوری کرنے کے لئے ہاتھ نہیں بڑھا رہا
یہ ساری باتیں، کتابیں، راتیں اور یادیں ایک طرف
جبکہ دوسری جانب میں اکیلا کھڑا ہوا ہوں!!

مسلم انصاری
مسلم انصاریhttps://alert.com.pk/
مسلم انصاری ۔ بیک وقت ایک کالم نویس، افسانہ نگار، شاعر اور مصنف ہیں ۔ جن کا تعلق کراچی سے ہے ۔ وفاق المدارس کے تحت درسِ نظامی اور فیڈرل اردو یونیورسٹی سے ایم اے اردو کے طالب علم رہے ہیں آپ کی پہلی کتاب مجموعہ نظم و نثر بعنوان "خاموش دریچے" 2018 مارچ میں مکتبہ علم و عرفان لاہور سے شائع ہوئی!
متعلقہ خبریں