خاقان مرتضیٰ حکومت پاکستان کے ایک دیانتدار، اصول پرست اور دبنگ اعلیٰ افسر اور سابق چیئرمین EOBI تھے ۔
فلائیٹ لیفٹیننٹ (سابق) خاقان مرتضیٰ صاحب کا شمار حکومت پاکستان کے انتہائی دیانتدار،اصول پرست اور دبنگ اعلیٰ افسران میں کیا جاتا ہے ۔ جو ایک دور میں ای او بی آئی میں ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ایچ آر ڈپارٹمنٹ اور دوسرے دور میں چیئرمین EOBI کے عہدہ پر تعینات رہے ۔
خاقان مرتضیٰ صاحب ایک بہترین منتظم، تجربہ کار اور اصولوں پر ست شخصیت کے مالک ہیں ۔ان کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ وہ کسی بھی معاملہ میں بڑی سے بڑی سفارش اور دباؤ کو خاطر میں نہیں لاتے ۔
آپ ایک انتہائی بیدار مغز،فرض شناس، نتیجہ خیز اور متعدد قومی اداروں میں بد انتظامیوں، کرپشن اور برائیوں کا خاتمہ کرنے کے ماہر اعلیٰ افسر ہیں اور اپنی غیر معمولی انتظامی اور مالیاتی صلاحیتوں کی بدولت کئی قومی اداروں میں خرابیوں کا خاتمہ اور اصلاحاتی عمل کے ذریعہ ان اداروں کی صحیح سمت متعین کر چکے ہیں ۔
مذید پڑھیں : چیئرپرسن EOBI نے نعیم شوکت قائمخانی اور طاہر صدیق چوہدری کو کلیدی عہدوں سے ہٹا دیا
سرکاری اداروں میں موجود کالی بھیڑوں اور بدعنوان عناصر کی خاقان مرتضیٰ صاحب کے نام سے جان جاتی ہے کیونکہ خاقان مرتضیٰ صاحب بے رحم حد تک دیانتدار، فرض شناس اور منصف مزاج اعلیٰ افسر کی شہرت کے حامل ہیں ۔
خوش قسمتی سے ہمیں بھی 2006 تا 2008 کے دوران ای او بی آئی ایچ آر ڈپارٹمنٹ ہیڈ آفس میں اور بعد ازاں 2016 تا 2019 کے دوران ای او بی آئی کے افسر تعلقات عامہ کی حیثیت سے خاقان مرتضیٰ صاحب کی براہ راست ماتحتی میں خدمات انجام دینے کا سنہری موقعہ میسر آیا تھا اور اس مدت کے دوران ہمیں خاقان مرتضیٰ صاحب کی غیر معمولی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کے مشاہدہ کا بھرپور موقع میسر آیا اور ہم نے انہیں ای او بی آئی کا بیحد وفادار، ذمہ دار ، دیانتدار فرض شناس اعلیٰ افسر پایا ۔
خاقان مرتضیٰ صاحب نے 2008ء ای او بی آئی ایمپلائیز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی لمیٹڈ کو ایک بار نئی روح پھونک دی تھی اور اس ہاؤسنگ سوسائٹی کی ترقی و ترویج کے لئے بطور خاص بابائے ای او بی آئی محمد بشیر صاحب سابق ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن کا انتخاب کیا تھا ۔ ای او بی آئی کے ملازمین کو رہائشی سہولیات کی فراہمی کے منصوبہ میں اپنی گہری دلچسپی کی بدولت دیہہ لال بکھر کیماڑی ٹاؤن میں 150 ایکڑ اراضی مختص کرائی تھی ۔ جو بعد ازاں مناسب فنڈ نہ ہونے کے باعث پایہ تکمیل کو نہ پہنچ سکی اور اس اراضی کے حصول کے لئے آج بھی پیہم کوششیں جاری ہیں ۔
خاقان مرتضیٰ پاک فضائیہ کے ایک سابق لڑاکا ہوا باز ہیں جن کا طیارہ فنی خرابی کے باعث اورنگی ٹاؤن کراچی کے غیر آباد علاقہ میں گر کر تباہ ہو گیا تھا اور انہوں نے پیرا شوٹ کے ذریعہ کود کر اپنی جان بچائی تھی ۔ بعد ازاں خاقان مرتضیٰ صاحب نے سول سروس میں شمولیت اختیار کر لی تھی اور بعد ازاں آپ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن سمیت مختلف وفاقی و صوبائی اداروں اور محکموں میں انتہائی کلیدی عہدوں پر غیر معمولی خدمات انجام دے چکے ہیں ۔ جن میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن، ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان، ای او بی آئی اور پرنسپل سیکریٹری برائے گورنر آف سندھ قابل ذکر ہیں ۔
خاقان مرتضیٰ صاحب کی خصوصیت یہ ہے کہ آپ جس جس ادارہ میں بھی تعینات رہے وہاں اپنی بہترین انتظامی صلاحیتوں کی بدولت بد انتظامیوں اور کرپشن کا خاتمہ کر کے اس ادارہ میں ایک نئی روح پھونک دی ۔ آپ جہاں بھی رہے وہاں اپنی یادیں اور اپنے انمٹ نشان چھوڑ گئے ۔
خاقان مرتضیٰ صاحب ان دنوں پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں ۔