کراچی : کراچی میں تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران شیلنگ اور لاٹھی چارج کے نتیجے میں پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر زخمی ہو گئے ۔
راجہ اظہر کو طبی امداد کیلئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔ جناح اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ راجہ اظہر کی ٹانگ میں گولی لگی ہے، طبی امداد دے دی گئی ہے ۔
مزید پڑھیں :قاری محمد عثمان کی سیکورٹی واپس لینا شرمناک عمل ہے : ترجمان
جناح اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ راجہ اظہر کے بائیں ٹخنے میں گولی لگی ہے، راجہ اظہر کی ٹانگ کا ایکسرے کرایا جا رہا ہے، راجہ اظہر کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔
خیال رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر قاتلانہ حملے کیخلاف کراچی میں بھی احتجاج کیا جا رہا ہے ۔
واضح رہے کہ عمران خان پر قاتلانہ حملے کے خلاف آج دوسرے روز بھی کراچی میں پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے احتجاج کا پروگرام بنایا گیا ہے۔ اس سلسلے میں پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی میں نرسری پر پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی دفتر انصاف ہاؤس کے قریب شاہراہ فیصل پر دھرنا دیا جائے گا۔
سینئر سپرینٹینڈنٹ پولیس ایسٹ عبدالرحیم شیرازی کے مطابق پی ٹی آئی کے احتجاج کے موقع پر ممکنہ گڑبڑ سے نمٹنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ عبدالرحیم شیرازی کے مطابق جمشید ٹاؤن کے متعدد ایس ایچ اوز کی نگرانی میں پولیس تعینات کی گئی ہے جبکہ اس موقع پر ہیڈ کوارٹر سے اینٹی رائٹ کا عملہ بھی ساز و سامان کے ساتھ پہنچا دیا گیا ہے ۔