کراچی : اللہ اکبر تحریک سندھ کے صدر فیصل ندیم نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی نااہلی نے سندھ کو ڈبو دیا ہے۔ متاثرہ خاندان مصیبت میں مبتلا ہیں۔کئی ماہ گزرنے کے بعد بھی متاثرین سڑکوں پر بیٹھے ہیں۔ افسوس ناک طور پر ان حالات میں بھی ملک میں سیاسی عدم استحکام کی کیفیت قائم ہے۔ حکمران متاثرین کو نظر انداز کر کے سیاسی رسہ کشی میں مصروف ہیں ۔ سیاسی محاذ آرائی ترک کر کے ایک قوم ہونے کا ثبوت دیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر ٹاؤن میں ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجلا س سے کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان ،جنرل سیکٹری امجد اسلام امجد، مرکزی رہنما عبدالجبار شہباز، صدر ٹاؤن کے ذمہ دار مہدی اسحاق سمیت دیگر نے خطاب کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فیصل ندیم کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت یا کسی سے ہمارا کوئی ذاتی جھگڑا نہیں ہے ۔ چاہتے ہیں کہ سندھ میں بہتر طرز حکمرانی قائم ہو ۔ غربت، بھوک اور بدحالی کا خاتمہ ہو ۔ سیلاب متاثرہ عوام کو اپنے حقوق ملیں۔
مذید پڑھیں : پاکستان تحریک انصاف کے جلوس پر فائرنگ افسوسناک ہے : قاری عثمان
کراچی کے صدراحمد ندیم اعوان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن کو ٹالنے کے لیے ایک بار پھر لالی پاپ دیا ہے ۔ سیلاب ، ویکسین مہم، عالمی نمائش اور اب پولیس وفاق کو بھیجنے کا بہانہ، آخر یہ راہ فرار کب تک چلے گی؟ کراچی کے کروڑوں شہری اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں ۔
کراچی کے بلدیاتی نظام اور وسائل پر ناجائز قبضہ برقرار رکھنے کے لئے سندھ حکومت اوچھے ہتکنڈے استعمال کر رہی ہے ۔ انہیں ملک وقوم کی تعمیر و ترقی سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ کراچی کےعوام مسائل کی وجہ سے دن بندن بدحالی کی طرف جا رہے ہیں ۔ کرپٹ قیادت اور فرسودہ نظام کے خاتمے اور بہتر حکمرانی کے لیے اب عوام کو بیداری کا ثبوت دینا ہوگا ۔ کراچی کے مسائل کے حل کےلیے دیانت دار قیادت ناگزیر ہے ۔عوام کی خدمت کا جذبہ لیے میدان سیاست میں آئے ہیں ۔