کراچی : سرکار دو عالم ﷺ کی محبت و اطاعت میں ہی سوفیصد کامیابی کی ضمانت ہے۔ یہ بات ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین سید شرف علی شاہ نے منگل کے روز بورڈ کی سماعت گاہ میں ہونے والی سالانہ محفل میلاد مصطفی ﷺ کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ ہر شعبہ ہائے زندگی میں سیرت پاک مصطفی ﷺ میں ہمارے لئے رہنمائی موجود ہے۔ اس موقع پر عالم اسلام کے عظیم اسکالر اور جامعۃ الازہر سے فارغ التحصیل علامہ ڈاکٹر عزیر محمود الازہری نے اپنے فکری خطاب میں کہا کہ وقت کی اشد ضرورت ہے کہ ہم سیرت النبی ﷺ کے ہر گوشے پر عمل کریں ایسی محافل کے انعقاد سے آپس میں رواداری اور بھائی چارہ کا درس ملتا ہے ۔
مذید پڑھیں : گستاخیوں کیخلاف اہلسنت و الجماعت کا PTI کیخلاف ملک گیر احتجاج کا عندیہ
محافل میلاد مصطفی ﷺ میں عالم اسلام کے معروف نعت خواں صدارتی تمغہ حسن کارکردگی الحاج محمد صدیق اسمٰعیل نے خصوصی شرکت کی اور حاضرین محفل میں جذبہ محبت رسول کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایسی محافل سے لوگوں میں جذبہ حب رسول بیدار ہوتا ہے۔ اس موقع پر انور ابراہیم و اشفاق ابراہیم، سید عمار بابر نے نعت پیش کیں اور قاری مبیس احد نعیمی نے تلاوت جبکہ سمیر احمد نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔
اس موقع پر سیکریٹری بورڈ سید محمد علی شائق، ناظم امتحانات عمران طارق، صدر ایپکا بورڈ یونٹ عبدالوہاب لاکھو ، بورڈ افسران اور ملازمین نے بڑی تعداد محفل میلاد میں شرکت کی ۔ محافل میلاد کا اختتام درود و سلام اور دعا پر ہوا ۔