لاہور : عمران خان کا لانگ مارچ کا اعلان کرنا انتہائی افسوس ناک ہے، اس وقت ملک بڑی مشکل سے ترقی کی پٹڑی پر دوبارہ چڑھ چکا ہے اس لیے اس دوبارہ اس پٹڑی سے اتارنا ملک دشمنی ہے ۔
ان خیالات کا اظہار اوورسیز پاکستانیوں کے ترجمان کیپٹن عاصم ملک نے کیا، انہوں نے کہا کہ جب بھی پاکستان کی معاشی ترقی کی رفتار تیز ہونے لگتی ہے / پاکستان کے وزیر اعظم غیر ملکی دوروں پر ہوتے ہیں یا کسی دوست ملک کے صدر یا وزیر اعظم پاکستان آ رہے ہوتے ہیں تو عمران خان ایسے موقع پر احتجاج اور لانگ مارچ کی کال دیتے ہیں جو بذات خود ایک سوالیہ نشان ہے ۔
عمران خان نے جمعہ کے دن سے جس لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے وہ پاکستان کی اس وقت کی صورت حال کیلئے سود مند نہیں، عمران خان کو چاہیے کہ یہ لانگ مارچ ملتوی کرے اور پاکستان کی ترقی میں دیگر قوتوں کے ساتھ اپنا کردار ادا کریں ۔
کیپٹن عاصم ملک نے کہا کہ اس وقت پاکستان کسی بھی مہم جوئی یا غیر یقینی کیفیت کا متحمل نہیں ہو سکتا، میں سپریم کورٹ سے اپیل کرتا ہوں کہ اگر عمران خان لانگ مارچ ملتوی نہیں کرتے تو وہ ملک کے بہتر مستقبل کی خاطر اس لانگ مارچ کو روکیں ۔