کراچی (پ ر) شیرشاہ کالونی میں گزشتہ 20 سالوں سے پینے کے پانی کے سنگین بحران کے حل کیلئے جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنماء قاری محمد عثمان کی قیادت میں شیرشاہ مذاکراتی کمیٹی کے وفد کی سی او او واٹربورڈ کراچی انجینئر اسداللہ خان سے ملاقات۔
وفد میں قاری عتیق الرحمن انصاری، حاجی عزیزالرحمن عزیز،قاری محمد بشیر، مولانا عظیم اللہ عثمان،مفتی عدنان مدنی، مولانا محمد ندیم شامل تھے۔
مزید پڑھیں:کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ صارفین کو آلودہ پانی فراہم کررہا ہے
قاری محمد عثمان نے انجینئر اسداللہ خان کو 4 سال کیلئے واٹربورڈ کے سی او او بننے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے بتایا کہ شیرشاہ کالونی کے اکبر روڈ میں 25 سال، محمدی روڈ 15 سال اور اردوبازار،جناح روڈ میں 10 سال سے لائن کاپانی مکمل طور پر نہیں آتا جس سے تنگ آکر ائمہ مساجد ایکشن کمیٹی نے 20 مئی کو شیرشاہ پراچہ چوک پر 9 گھنٹے کا دھرنا دیا تھا۔
جس کے نتیجے میں 24 مئی کو ایم ڈی واٹر بورڈ کے دفتر میں شیرشاہ ائمہ مساجد ایکشن کمیٹی اور ایم ڈی واٹر بورڈ کے مشترکہ اجلاس اور مذاکرات میں ہونے والے اہم فیصلوں پر تاحال خاطرخواہ پیش رفت نہیں ہوئی۔
مذاکرات اور اجلاس کے فیصلے ریکارڈ پر ہیں جن میں ناظم آباد حبیب بینک سے شیرشاہ پمپ تک ناجائز کنکشنز کا خاتمہ، شیرشاہ چوک سے اکبر روڈ تک پوری آبادی کو پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانا، 9 اور 10 انچ کی لائنوں کی تبدیلی، شیرشاہ کی گریویٹی کو پمپنگ پر کرنا، شیرشاہ پمپ کے پاس 50 ہزار گیلن کے پانی کا ٹینک بنانا، ڈسٹربیوشن کی لائنوں کی ریپلیسمنٹ، ھفتہ میں 5 روز حب انجکشن دینا، حسن اسکوائر سے اضافی چوڑیاں بڑھانا، سیمنس چورنگی تا شیرشاہ پمپ تک لائن کو محفوظ کرنا، نکاسی آب اور سیوریج کے نظام کی درستگی اور ناظم آباد پمپنگ کا مسئلہ حل کرنا اور دیگر اہم امور شامل تھے۔
مزید پڑھیں:چینی باشندوں کی سیکورٹی ، بلدیاتی انتخابات اور اسٹریٹ کرائم پر اہم اجلاس طلب
سی او او واٹربورڈ انجینئر اسداللہ خان نے تمام مطالبات تحمل سے سننے کے بعد تمام متعلقہ ذمہ داران کو پابند کیا کہ شیرشاہ کالونی کے مسائل کے حل میں کوتاہی نہیں ہونی چاہیے۔
جتنا پانی موجود ہے کم از کم اسکی مکمل فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔ سی ایریا پمپ پر موٹر نمبر 2 کو فوری مرمت کی جائے اور اس کے لوڈ بڑھانے کے لئے کے الیکٹرک انتظامیہ سے بات کی جائے۔
غنی چورنگی سے 24 انچ لائن کو پراچہ چوک شیرشاہ تک لانے کے لئے پی ڈی میگا پروجیکٹ لوکل گورنمنٹ سندھ سے ملکر اسے آمادہ کیا جائے۔
گریویٹی کو پمپنگ پر کرنے کے حوالے سے شیرشاہ پمپ کے پاس بڑے واٹر ٹینک، شیرشاہ چوک پر غیرقانونی کنکشنز، ڈسٹربیوشن لائنوں کی تبدیلی کے حوالے سے بلک اور ڈسٹربیوشن کا شیرشاہ مذاکراتی کمیٹی کے ہمراہ مشترکہ وزٹ ایک سے دو روز کے اندر کرکے رپورٹ مجھے دی جائے۔
انجینئر اسداللہ خان نے کہا کہ جس قدر ممکن ہوسکا واٹربورڈ پانی کی فراہمی کو یقینی بنائے گا۔ غیرقانونی کنکشنز کسی صورت برداشت نہیں کئے جائیں گے، اس حوالے سے واٹربورڈ کی پالیسی واضح ہے۔
ہماری اولین ترجیح عوام کو ریلیف دینے کی ہے، اسمیں کوتاہی برداشت نہیں کی جاسکتی۔ قاری محمد عثمان نے انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آپکی دلچسپی اور خداداد صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے ہم پر امید ہیں کہ مسائل جلد حل ہونگے۔