کراچی : جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے 149 طلبا و طالبات میں احساس اسکالرشپ کےچیکس تقسیم کر دیئےگئے۔ ہفتے کو جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کےاسٹوڈنٹس افیئرز ڈپارٹمنٹ کی جانب سےاہل و مستحق طلباو طالبات میں احساس اسکالرشپ 2021-22 کے تجدیدی چیکس تقسیم کرنے کیلئےتقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس سلسلے میں جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نےکہاکہ جامعہ کی جانب سے اسکالرشپ کی تقسیم میں میرٹ اور شفافیت کا خاص خیال رکھا گیا ہے، طلباو طالبات کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ پڑھائی پر بھرپور توجہ دیتے ہوئے ناصرف ملکی بلکہ عالمی سطح پر ملک و قوم بالخصوص جامعہ کا نام روشن کریں۔
تقریب کے مہمان خصوصی رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان نے اسکالرشپ وصول کرنیوالے طلبا و طالبات کومبارکباد دی اور کہا کہ ماضی کی نسبت آج طلباو طالبات کو پڑھائی کے زیادہ مواقع اور سہولتیں میسر ہیں ، جامعہ کی ہر ممکن کوشش رہتی ہے کہ وہ طلباو طالبات کی علمی نشونما اورعملی زندگی میں ترقی کے لئے بھرپور اقدامات کرے، جامعہ مادر علمی ہے لہٰذا طلباء کو چاہیے کہ وہ جامعہ کے سفیر بن کر اپنا کردار ادا کریں۔
گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج بلاک این نارتھ ناظم آباد میں والدین کا مسائل کے حل کیلئے احتجاج
اس موقع پر سندھ انسٹیٹیوٹ آف اورل ہیلتھ سائنسز (SIOHS) کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر زبیر احمد عباسی نے کہا کہ آج کا دور مقابلے کا ہے، زندگی میں ترقی کیلئے جسمانی و دماغی طور حاضر ہونا اور سیکھنے کا جذبہ رکھنا ضروری ہے، طلبا و طالبات سافٹ اسکلز پر بھی بھرپور توجہ دیں
اس موقع پر ڈپارٹمنٹ آف پروسٹھوڈانٹکس کے سربرا ہ اور اسٹوڈنٹ افیئرزڈپارٹمنٹ کے انچارج پروفیسر ڈاکٹر محمود حسین نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ جامعہ سے فارغ التحصیل ہوکر وہ جب عملی میدان میںقدم رکھیں تو لوگوں کو سہولتیں فراہم کرنا نہ بھولیں۔
تقریب میں فارماسیوٹیکل کیمسٹری کی سربراہ اور اسٹوڈنٹ ایڈوائزر پروفیسر ڈاکٹر کرن رفیق،آئی پی ٹی آر سے ڈاکٹر ثمرین اقبال بھی موجود تھی،تقریب کے مرکزی کوآرڈی نیٹردلشاد حسین تھےجن کے ساتھ شعبہ امور طلباء کے اشعر اور شہریار نے سہولت کار کا کردار ادا کیا
احساس اسکالر شپ کے چیک وصول کرنیوالوں میں ایم بی بی ایس کے 57، ڈی پی ٹی کے 25، ڈی پی ایچ ایم کے 21، بی ایس ایم ٹی کے 17، بی ڈی ایس کے 10، بی ایس این کے 9، بی ایس این جی کے 5، بی بی اے کے 4 اور بی ایس پی ایچ کاایک طالب علم شامل ہے ۔