منگل, ستمبر 26, 2023
منگل, ستمبر 26, 2023
- Advertisment -

رپورٹر کی مزید خبریں

تازہ ترینگورنمنٹ گرلز ڈگری کالج بلاک این نارتھ ناظم آباد میں والدین کا...

گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج بلاک این نارتھ ناظم آباد میں والدین کا مسائل کے حل کیلئے احتجاج

کراچی : گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج بلاک این نارتھ ناظم آباد میں نیا تعلیمی سال شروع ہونے کے دو ماہ بعد بھی کمپیوٹر سائنس کا کوئی استاد موجود نہیں ہے ، کمپیوٹر لیب ، لائبریری کا کوئی نشان نہیں ، بچیوں کے مستقبل کے لیے پریشان پیرنٹس ایکشن کمیٹی کی اپیل پر کالج عمارت کے باہر احتجاج کیا گیا ۔ مسائل حل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق احتجاج میں کالج کی پیرنٹس ایکشن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر اختر شاہین رند ، چیئرمین اسٹوڈنٹس پیرنٹس فیڈریشن ندیم مرزا ، چیئرمین کنزیومر رائٹس پروٹیکشن کونسل آف پاکستان شکیل بیگ ، چیئرپرسن شعبہ خواتین پاسبان عزیز فاطمہ ، ایس پی ایف ضلع وسطی کے صدر عمران زیدی و ٹیم کے اراکین شریک ہوئے ۔

والدین نے پلے کارڈز اٹھا کر احتجاج اور نعرے بازی کی ۔ والدین کا کہنا تھا کہ کالج میں دو سال سے تدریس کا عمل جاری ہے ۔ اس سال سے کمپیوٹر سائنس میں بھی داخلے شروع ہوئے ہیں لیکن اس کا ایک استاد بھی دستیاب نہیں ہے ۔ کالج میں کمیوٹر لیب اور لیبارٹری نام کی کوئی چیز نہیں ہے ۔

والدین کا کہنا تھا کہ معلوم کرنے پر پتہ چلا کہ کچھ اساتذہ تعینات ہوئے لیکن جوائننگ نہیں دی گئی ، اس پر محکمہ تعلیم نے کوئی ایکشن نہیں لیا ۔ کالج کا چوکیدار تک نہیں، چار دیواری موجود نہیں، گراؤنڈ پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ، والدین کا کہنا تھا کہ ان کی بچیاں صرف کلاس روم میں بیٹھ کر اپنا وقت برباد کر دیتی ہیں ، ان کا مستقبل خطرے میں ہے ۔ ان مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے ۔

اس موقع پر والدین نے اضافی چارج رکھنے والی جزو وقتی پرنسپل پروفیسر عائشہ اور قائم مقام پرنسپل حسین فاطمہ سے بھی ملاقات کی ۔ والدین نے ان سے مسائل کے حل سے متعلق پوچھا جس پر پرنسپل نے مسائل ایک ہفتے کے اندر حل کرانے کی یقین دہانی کرائی ۔ پرنسپل نے کہا کہ ایک ہفتے بعد اساتذہ کی تعیناتی سمیت دیگر مسائل حل ہونا شروع ہو جائیں گے۔

پیرنٹس ایکشن کمیٹی نے احتجاج ختم کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اگر ایک ہفتے میں مسائل حل ہوتے نظر نہ آئے تو پھر محکمہ تعلیم کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔

عظمت خان
عظمت خانhttp://alert.com.pk
عظمت خان بحیثیت رپورٹر گزشتہ 15 برس سے ملک کے مختلف پرنٹ اور ڈیجیٹل میڈیا اداروں سے وابستہ ہیں اور مذہبی، تعلیمی ، لیبر، فراہمی و نکاسی آب سمیت مختلف امور اور شعبہ جات کے حوالے سے خبروں اور تحقیقاتی رپورٹس کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں ۔ وہ کتابوں کے مصنف اور ابلاغ عامہ میں ایم فل کے طالب علم ہیں ۔
متعلقہ خبریں