اتوار, نومبر 27, 2022
اتوار, نومبر 27, 2022
- Advertisment -

رپورٹر کی مزید خبریں

اہم خبریںڈائریکٹر جنرل پرائویٹ اسکول کے نام سے سالانہ فیس ادائیگی کے جعلی...

ڈائریکٹر جنرل پرائویٹ اسکول کے نام سے سالانہ فیس ادائیگی کے جعلی نوٹی فکیشن کا انکشاف

کراچی : ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹی ٹیوٹشن پروفیسر سلمان رضا نے انکشاف کیا ہے کہ میرے نام سے گرینڈ الائنس آف پرائیویٹ ایسوسی ایشنز نے جعلی نوٹی فکیشن جاری کیا ہے جن کیخلاف کل پریس کانفرنس کروں گا اور پیر کو نوٹی فکیشن کے جعلی ہونے کا سرکلر نکالوں گا ۔

تفصیلات کے مطابق گرینڈ الائنس آف پرائویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز نے بیان جاری کیا جس کے ساتھ ایک نوٹی فکیشن نمبر 14458-5601/2022 جاری کیا گیا ہے اور سکول مالکان کو خوشخبری دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ” نجی تعلیمی اداروں کے دیرینہ مطالبات پورے کرنے پر ڈی جی پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز سندھ پروفیسر سلمان رضا کے شکر گزار ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ” ڈی جی پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز سندھ کے جاری کردہ سرکلر سے والدین اور اسکولز کے درمیان غلط فہمیاں دور ہوں گی ۔ نجی تعلیمی ادارے سندھ میں 35 لاکھ سے زیادہ بچوں کو تعلیم دینے کی ذمہ داری پوری کر رہے ہیں۔ سیلاب کے باعث ہزاروں سرکاری اسکولوں کے 25 لاکھ بچوں کا تعلیمی عمل براہ راست متاثر ہوا ہے۔ کووڈ اور سیلاب کے بعد پرائیویٹ اسکولز کا کردار اور بھی زیادہ اہمیت اختیار کر گیا ہے ۔”

گرینڈ الائنس آف پرائویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز سندھ کے جاری کردہ بیان کے مطابق ” نمائندہ وفد نے جمعہ کو ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز سندھ پروفیسر سلمان رضا سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور گزشتہ ہفتے پیش کیے گئے مطالبات منظور کرنے اور سرکلر جاری کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

کئی ماہ تک فیس ادا نہ ہونے، سہولیات اور دیگر سرگرمیوں کے لئے سرکاری اسکولوں کی طرز پر سالانہ فیس اور کسی پریشانی یا شکایت کی صورت میں کسی اسکول کے گیٹ پر شور شرابے اور لڑائی جھگڑے کے بجائے قانون کے مطابق ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز سندھ کو جو نجی اسکولز کی ریگولیٹری باڈی ہے وہاں شکایت درج کرانے کے معاملات پر پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز کے قواعد و ضوابط کے مطابق طریقہ کار اختیار کرنے کے حوالے سے ڈی جی پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ” ڈی جی نے فوری طور پر ان مطالبات کو رولز کے مطابق بذریعہ سرکلر جاری کرنے کا وعدہ کیا تھا اور اب جبکہ ان معاملات پر والدین اور اسکولز کے درمیان غلط فہمیاں دور کرنے کے لیے پروفیسر سلمان رضا نے باقاعدہ سرکلر جاری کر دیا ہے۔ ان رہنماؤں نے ڈی جی پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز سندھ کے اس اقدام کو پرسکون تعلیمی ماحول کے لیے بروقت اور اچھا فیصلہ قرار دیا ہے۔

گرینڈ الائنس آف پرائویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز سندھ میں کے وفد میں حیدر علی، طارق شاہ، شہزاد اختر، ناصر زیدی، انور علی بھٹی، علیم قریشی، منور حمید، حنیف جدون، دانش الزمان، شہناز الہدی، جہانزیب حسن، آصف خان اور دوست محمد دانش شامل تھے۔

ادھر اس پریس ریلیز کے جاری ہونے کے بعد ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ اسکول پروفیسر سلمان رضا نے وضاحت جاری کی ہے کہ یہ بدیانتی ہے اور ایسا کوئی نوٹی فکیشن میں نے جاری نہیں کیا ہے لہذاہ والدین سالانہ فیس نہ دیں ۔ سالانہ فیس منع ہے اور کوئی اسکول سالانہ فیس نہیں لے سکتا ۔

پروفیسر سلمان رضا نے کہا کہ میں نے ان سکول کے نمائندوں سے کہا تھا کہ والدین کے نمائندوں اور اس دفتر کے دیگر افسران جو یہاں موجود نہیں ہیں ان کی موجودگی کے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کرتے ۔ جب تمام اسٹیک ہولڈرز ہونگے تب ان شقوں پر بات ہو گی جس سے سکول یا والدین نمائندوں کو تحفظات ہیں ۔ تاہم یہ میرے خلاف سازش ہے جس کو بے نقاب کرنے کیلئے پریس کانفرنس کروں گا اور پیر کو اس جعلی نوٹی فکیشن کی منسوخی یا اس کی جعلی سازی کے بارے میں سرکلر نکالوں گا ۔

ادھر اسٹوڈنٹس پیرنٹس فیڈریشن آف پاکستان کے چیئرمین ندیم مرزا نے کہا ہے کہ سالانہ فیس کا نوٹی فکیشن بھی ہے اور اس کے علاوہ اس پر قانون موجود ہے ۔ جس کو جعلی نوٹی فکیشن کے ذریعے ختم کرنے کی بھونڈی کوشش کی گئی ہے ایسا نہیں ہونے دیں گے ۔

معلوم رہے کہ ایک چین آف سکول کے ہاں 35 سے 40 ہزار طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں جن سے سالانہ 5 ہزار روپے فیس اضافی وصول کرنے کا مطلب والدین سے مجموعی طور پر 20 کروڑ روپے اضافی نکالے جائیں گے ۔ جب کہ اس وقت رجسٹرڈ سکولوں کی تعداد 14 ہزار ہے ۔

عظمت خان
عظمت خانhttps://alert.com.pk
عظمت خان بحیثیت رپورٹر گزشتہ 15 برس سے ملک کے مختلف پرنٹ اور ڈیجیٹل میڈیا اداروں سے وابستہ ہیں اور مذہبی، تعلیمی ، لیبر، فراہمی و نکاسی آب سمیت مختلف امور اور شعبہ جات کے حوالے سے خبروں اور تحقیقاتی رپورٹس کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں ۔ وہ کتابوں کے مصنف اور ابلاغ عامہ میں ایم فل کے طالب علم ہیں ۔
متعلقہ خبریں