اتوار, نومبر 27, 2022
اتوار, نومبر 27, 2022
- Advertisment -

رپورٹر کی مزید خبریں

تازہ ترینحضور ؐسے محبت کرو اس لئے کہ قبر میں جہاں سب ساتھ...

حضور ؐسے محبت کرو اس لئے کہ قبر میں جہاں سب ساتھ چھوڑدیتے ہیں وہیں قبرچمکانے حضرت محمدؐ جلوہ گرہوجاتے ہیں، سید شاہ عبدالحق قادری

امیر جماعت اہلسنت کراچی سید شاہ عبدالحق قادری نے کہا کہ اگر ہم چاہتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ ہم سے محبت کرے تو ہم پر لازم ہے کہ ہم اللہ کے پیارے محبوب حضرت محمدؐ سے محبت کریں،آپؐ کی سنت، اخلاق کو اختیارکریں اورخاتم النبیین حضرت محمدﷺ کی نقل کریں

یاد رکھیں کہ دنیا میں جب کوئی کسی اور کی نقل کرتاہے تو وہ فیل کردیاجاتاہے لیکن یہ معاملہ ایسا ہے کہ جب کوئی پیارے مصطفیؐ کی نقل کرتاہے تودنیا وآخرت دونوں میں کامیاب ہوتاہے۔

آج ہم سب حضوراکرمؐ سے محبت کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن اس دعوے کی دلیل کیا ہے، آپ ؐ کی اتباع،پیروی اور آپ ؐ کے نقش قدم پرچل کر ہی ہم دنیا وآخرت میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔حضورؐ سے محبت کرو اس لئے کہ قبر میں جہاں سب ساتھ چھوڑدیتے ہیں

وہیں قبرچمکانے حضرت آمنہ کے لال حضرت محمدؐ جلوہ گرہوجاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن محبان رسول ﷺ جامعہ کراچی اور مشیر امورطلبہ جامعہ کراچی کے زیر اہتمام پارکنگ گراؤنڈ (بالمقابل آرٹس لابی) جامعہ کراچی میں منعقد ”محفل میلاد النبیﷺ“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پرجامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ حضرت محمدؐ کی دنیا میں آمد سے کفر والحاد کے تاریک سائے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ختم ہوگئے،موجودہ دور کی بدامنی ولاقانونیت اور حرص و ہوس کا خاتمہ اسی صورت ممکن ہے کہ جب ہم اللہ اور اس کے محبوب نبیؐ کے احکامات پر اس کی روح کے مطابق عمل کریں۔

مزید پڑھیں:16 اکتوبر کو ضمنی الیکشن کے انعقاد کا اعلان

اسوہ حسنہ کو اپنا کر ہم دین ودنیا میں کامیابی پاسکتے ہیں آج ہمارے مسائل کی بنیادی وجہ عملی زندگی میں اسلامی تعلیمات سے روگردانی ہے جس کی وجہ سے معاشرہ بے راہ روی کا شکار ہورہا ہے۔سائنس وٹیکنالوجی اور ترقی کے دروازے کھولنے والے مسلمان ہیں لیکن آج قرآن وسنت سے دوری کی وجہ سے ہم تنزلی کا شکار ہیں، سیرت النبیؐ پر عمل پیرا ہوکر ہم اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرسکتے ہیں۔

ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ ہمارے معاشرے میں ابتری کی بڑی وجہ انصاف،برابری،کردار،امانت داری اور وعدے کی پاسداری کا فقدان ہے۔ اسلام ایک پر امن دین اور اس کے ماننے والے مہذب اور پر امن لوگ ہیں۔ حضورؐ کی محبت کو اجاگر کرنے سے خیرکے راستے پر چلنا آسان ہوجا تا ہے۔ ہم سیرت طیبہ پر عمل کر کے اپنا تشخص بھی بہتر بنا سکتے ہیں اور اپنے مسائل خود بھی حل کر سکتے ہیں۔

ممبر اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر عمیر محمود صدیقی نے طلباوطالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حضوراکرمؐ کی سیرت طیبہ کو پڑھنے کی کوشش کریں،یہ جاننے کی کوشش کریں کہ آپ ؐ کاحلیہ مبارک کیسے تھا،کس طرح کا لباس زیب تن فرماتے تھے،آپ ؐ کس طرح کی غذاپسندفرماتے اور شب وروز کیسے گزارتے تھے کیا پسند تھااور کیا نہ پسند تھا عرض یہ کہ ہر شعبہ ہائے زندگی میں حضوراکرمؐ کی پیروی کریں اسی میں دنیا وآخرت کی کامیابی ہے۔محفل میلاد النبیؐ سے سربراہ ادارہ تسلیمیات محمد تسلیم رضانے بھی خطاب کیا۔

نظامت کے فرائض رئیس احمد اور انجمن محبان رسول ؐ کے جنرل سیکریٹری منصورحسن قادری نے انجام دیئے جبکہ چیئر مین ادارہ الفیضان حضرت علامہ عبدالجبار نقشبندی نے خصوصی دعافرمائی۔

مزید پڑھیں:کراچی: واٹر بورڈ کے وفد کا فراہمی و نکاسی آب اور ملازمین کے مسائل حل کرنے کے حوالے سے اجلاس

آخر میں شعبہ کمپیوٹر سائنس جامعہ کراچی کے ڈاکٹر صاق علی خان نے کلمات تشکراداکرتے ہوئے کہا کہ انجمن محبان رسولؐ کے بنیادی مقاصد میں علاقائی،لسانی اور گروہی سیاست سے آزاد رہ کر لوگوں میں اسلامی عقائد وتعلیمات کا شعور وفہم پیدا کرنا اور لوگوں کے دلوں میں عشق رسولؐ کی شمع روشن کرناہے۔عشق رسولؐ مومن کی میراث ہے اور اس کے بغیر ایمان نامکمل ہے۔معروف نعت محمد خاورنقشبندی،محمد ابرارحسین اور حاحبزادہ علاؤالدین صابری نے ہدیہ نعت پیش کیا۔

اس موقع پر ممبرسنڈیکیٹ جامعہ کراچی صاحبزادہ معظم قریشی،حاجی محمد رفیق پردیسی،پروفیسر ڈاکٹر مجید اللہ قادری،ڈائریکٹرانٹرنیشنل سینٹر فارکیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری،سید شاہ اسداللہ جنیدی اور دیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں