اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما تنویر الیاس کے اسلام آباد میں سب سے بڑے شاپنگ سینٹر سینٹورنس میں آگ لگ گئی ، آگ لگنے کے وقت شاپنگ سینٹر میں بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے ، تاہم اب تک کوئی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے ۔
سینٹورنس شاپنگ مال کے 8 فلورز کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لیا ، فائر بریگیڈ اور ریسکیو کی 8 جب کہ میٹروپولیٹن کی تمام 12 گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں ۔اسلام آباد پولیس کے مطابق آگ بجھانے کے لئے ہیلی کاپٹر بھی طلب کیا گیا تھا جبکہ لوگوں کو مال سے نکالنے کے لئے عقبی دروازے کا استعمال کیا گیا، واٹر سپلائی کے ٹینکر بھی متاثرہ جگہ پہنچائے گئے۔ ریسکیو کی مدد سے شاپنگ مال میں موجود تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا تھا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ریسکیو آپریشن مکمل ہونے پر شاپنگ مال کی عمارت کو ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے حکم سے سیل کر دیا جائے گا، آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات تک عمارت سیل رہے گی، کسی کو بھی شاپنگ مال میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔
مذید پڑھیں : سندھ نرسنگ امتحانی بورڈ کے ” پیپر لیکس ” کی انکوائری رپورٹ میں اہم انکشافات
مال انتظامیہ کے مطابق نجی مال میں آتشزدگی شاپنگ مال کے اندر فائر فائٹنگ سسٹم مکمل آپریشنل ہونے کے باعث آگ پر جلد قابو پانے میں مدد ملی، آگ بھڑکنے کے فوری بعد ہی 20 افراد پر مشتمل فائر فائٹنگ ٹیم نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا، مال کے بیرونی حصے میں آگ پھیلنے پر فوری فائر بریگیڈ کو بھی بلا لیا گیا، مال کے اوپر والے فلورز پر آگ بجھانے کیلئے فائر بریگیڈ سے مدد طلب کی گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اسلام آباد کے نجی مال میں لگنے والی آگ کا نوٹس لیتے ہوئے اسلام آباد انتظامیہ اور فائربریگیڈ کے عملے کو آگ پر قابو پانے کےلئے تمام وسائل استعمال کرنے کی ہدایت کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ آگ بجھانے کیلئے متعلقہ محکموں سے ہیلی کاپٹر کی سہولت سے بھی استفادہ کی جائے، مال میں پھنسے تمام افراد کو بحفاظت نکالا جائے، مال میں آگ لگنے کو وجوہات کا جائزہ لیکر ذمہ داران کا تعین کیا جائے، آگ لگنے کی مفصل رپورٹ وزارت داخلہ جمع کرائی جائے۔
واضح رہے کہ مذکورہ شاپنگ سینٹر پاکستان تحریک انصاف کشمیر کے رہنما تنویر الیاس کا ہے ۔