سیلاب متاثرین کو صاف پانی فراہمی کیلئے PTCL گروپ اور ہلال احمر پاکستان کا اشتراک

کراچی : پی ٹی سی ایل گروپ اور ہلالِ احمر پاکستان نے سندھ اور بلوچستان میں سیلاب متاثرین کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے اشتراک کر لیا ۔

پی ٹی سی ایل اور یوفون 4G نے ہلال ِ احمر پاکستان (پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی) کے ساتھ مل کر سندھ اور بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بچوں اور بزرگوں سمیت ہزاروں افراد کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے لیے باہمی اشتراک قائم کر لیا ہے۔

اس اقدام سے مقامی لوگ سیلاب کی وجہ سے پیدا ہونے والی متعدد آبی بیماریوں سے محفوظ رہیں گے ، جہاں سیلابی پانی نے کنوؤں اور زیر زمین آبی ذخائر کو آلودہ کر دیا ہے۔ پی ٹی سی ایل اور ہلال ِ احمر پاکستان سندھ اور بلوچستان کے اضلاع لاڑکانہ، شہید بے نظیر آباد اور جعفرآباد کے مقامی خاندانوں کو روزانہ 72 ہزار لیٹر پینے کا صاف پانی فراہم کریں گے۔

مذید پڑھیں : شادی ہال کے مالک نے منفرد مثال قائم کر دی

صاف پانی کی فراہمی سے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی پینے کے پانی کی روزانہ کی ضروریات پوری ہونگی۔

پی ٹی سی ایل و یوفون کے صدر اور گروپ سی ای او حاتم بامطرف نے اس اقدام پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا: ’’سندھ اور بلوچستان کی سیلاب سے متاثرہ آبادیوں کو پینے کے صاف پانی کے حصول میں سخت مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ سیلاب کے پانی نے دستیاب آبی وسائل کو آلودہ کر دیا ہے۔

پانی کسی بھی انسان کی زندہ رہنے کی سب سے بنیادی ضرورت ہے اور ہمارا مقصد ہلال ِ احمر پاکستان کی مدد سے لاکھوں لوگوں کی اس بنیادی ضرورت کو پورا کرنا ہے۔ ایک پاکستانی کمپنی ہونے کے ناطے ہم ضرورت کی اس گھڑی میں اپنے ہم وطنوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘‘

ہلال ِاحمر پاکستان کے چیئرپرسن سردار شاہد احمد لغاری نے کہا کہ ہم سندھ اور بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے پی ٹی سی ایل گروپ کے ساتھ تعاون پر نہایت مسرور ہیں۔ اقتصادی، سماجی اور ثقافتی حقوق سے متعلق بین الاقوامی معاہدے کے مطابق پینے کا محفوظ اور صاف پانی اور صفائی ستھرائی بنیادی انسانی حقوق میں شامل ہیں۔ بدقسمتی سے حالیہ سیلاب نے بہت سے لوگوں سے اس بنیادی حق کو چھین لیا ہے۔ تاہم، اس مشکل گھڑی میں ہم سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی مدد جاری رکھیں گے۔ ‘‘

مذید پڑھیں : زائد فیس وصولی کیخلاف 4 مذید اسکولوں کیخلاف کارروائی

مذکورہ اقدام پی ٹی سی ایل گروپ کی جانب سے پاکستان بھر میں سیلاب سے متاثرہ آبادیوں کی مدد اور بحالی کے لیے اعلان کردہ 1.75 ارب روپے کی امداد کا حصہ ہے۔

اس سے قبل پی ٹی سی ایل گروپ نے بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لیے غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے گرانٹ فراہم کی تھی اور آنے والے ہفتوں میں مزید اقدامات اٹھائے جانے کا امکان ہے۔