سیلاب سے پاکستان کو تاریخ کی بدترین تباہی کا سامنا ہے : احمد ندیم اعوان

کراچی : اللہ اکبرتحریک کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان نےکہا ہے کہ سیلاب سے پاکستان کو تاریخ کی بدترین تباہی کا سامنا ہے۔ملک مزید سیاسی افراتفری کا متحمل نہیں ہوسکتا ۔ سیاسی جماعتیں اسکورنگ کے بجائے یکجہتی کا مظاہرہ کریں ۔

اس نازک وقت پر بھی ملک کی خاطر نہ سوچا گیا تو کب سوچیں گے؟۔ ملک ہو گا تو سیاست ہو گی ۔اگر اس وقت خود غرضی کا مظاہرہ کیا گیا۔ تو یہی عوام آئندہ انتخابات میں ایسے چہروں کو مسترد کر دے گی ۔

ملک میں حالیہ سیاسی ہلچل پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے احمد ندیم اعوان کا کہنا تھا کہ ملک وقوم کی بقاءکے لیے تمام سیاسی جماعتیں اختلافات بھلا کر متحد ہو جائیں ۔ سیاستدان قوم کے وسیع تر مفاد میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ ترک کر کے متاثرین کی آباد کاری کے بارے سر جوڑ کر بیٹھیں ۔

سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث قوم سخت مشکل کا شکار ہے ۔قوم اس وقت کسی سیاسی افراتفری کی متحمل نہیں ہوسکتی۔عوام اور حکمران متحد ہوکر متاثرین سیلاب کےلیے کام کریں۔

متاثرین کو ان کے گھروں میں بسانا اوران کے لیے روزگار کے اسباب مہیا کرنا اس وقت اولین ترجیح ہونی چاہیے۔احمد ندیم اعوان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن اس وقت ایک دوسرے کو بچھاڑنے میں لگے ہوئے ہے۔ ان کے رویے سے معلوم ہوتا ہے کہ انہیں متاثرین کے مسائل حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔

باہر ممالک کے لوگ آ کر متاثرین کی داد رسی کر رہے ہیں ۔لیکن ہمارے سیاسی قائدین ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے میں لگے ہوئے ہیں ۔اس وقت تمام سیاسی اختلافات بھلا کر ملک وقوم کو بچانا ہو گا ۔ملک ہو گا تو سیاست ہو گی ۔ورنہ الیکشن میں یہی عوام آپ کا راستہ روکے گی۔