جامعہ کراچی کے شعبہ نفسیات کے زیر اہتمام ” ہیلنگ تھرو آرٹ ” ورکشاپ کا انعقاد

کراچی : جامعہ کراچی کے شعبہ نفسیات کے زیر اہتمام کلیہ فنون و سماجی علوم جامعہ کراچی کی سماعت گاہ میں ورکشاپ بعنوان : ”ہیلنگ تھرو آرٹ“ کا انعقاد کیا گیا ۔

ورکشاپ ایجوکیشنل سائیکولوجسٹ فرح ناصر کے زیر نگرانی منعقد ہوئی ، جس کا مقصد شعبہ نفسیات جامعہ کراچی کے سال آخر کے طلبہ کو عصر حاضر میں شعبہ نفسیات کی اہمیت و افادیت سے روشناس کرانے کے ساتھ ساتھ عملی تربیت اور عصر حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے ۔

مذید پڑھیں : مراقبہ کے کتنے مراحل ہیں ؟

اس موقع پر رئیسہ کلیہ فنون و سماجی علوم پروفیسر ڈاکٹر نصرت ادریس نے کہا کہ اس طرح کی تربیتی ورکشاپس کا تواترسے انعقاد ناگزیر ہوگیا ہے ۔ ذہنی صحت کے حوالے سے بروقت اقدامات ناگزیر ہیں ، کیونکہ ایک صحت مند دماغ ہی صحت مند معاشرے کا ضامن ہوتا ہے۔

انہوں نے اس بات زور دیا کہ طلبہ کی عملی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے ضروری ہے کہ تربیتی ورکشاپس کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے ۔

صدر شعبہ نفسیات جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر انیلا امبر ملک نے ورکشاپ کے اغراض مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شعبہ ہذا کی پوری کوشش ہوتی ہے کہ وہ اپنے طلبہ کو عصر حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کریں اور اس طرح کی تربیتی ورکشاپس کے ذریعے انہیں عملی طور پر تیار کریں، مذکورہ ورکشاپ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔