چینی اساتذہ کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلئے 6 لاکھ روپے کا جامعہ کراچی کو فراہم

کراچی : کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جامعہ کراچی کے پاکستانی ڈائریکٹرپروفیسر ڈاکٹر ناصر الدین خان نے منگل کے روز جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کو کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان کے چینی اساتذہ کی جانب سے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے فراہم کیاجانے والا چھ لاکھ روپے کا امدادی چیک پیش کیا۔

ڈاکٹر ناصر الدین نے شیخ الجامعہ کو بتایا کہ چینی اساتذہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کی زیادہ سے زیادہ مدد کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ انہوں نے شیخ الجامعہ کو بتایا کہ اس وقت کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جامعہ کراچی میں 250 سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں۔

کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے پاکستانی اساتذہ بنیادی لیول جبکہ ایڈوانس لیول اور چارسالہ بی ایس اسپلٹ پروگرام کی کلاسز چینی اساتذہ آن لائن لے رہے ہیں۔

مذید پڑھیں : والدین و طلبا کیلئے خوشخبری ، طلبہ کے مالی استحصال پر 3 سکولوں کیخلاف کارروائی

آن لائن اجلاس میں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان کی الگ عمارت کے لئے زمین مختص کرنے کے حوالے سے بھی بات کی گئی جس پر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ اس حوالے سے سنڈیکیٹ کو خط لکھا جائے تاکہ تمام ممبران سنڈیکیٹ کی باہمی مشاور ت اور منظوری سے فیصلہ کیا جا سکے۔

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ پاک چائنا تعلقات دونوں ممالک کے لئے ایک متاثر کن مشعل راہ کا درجہ رکھتے ہیں۔دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کے باہمی مفادات کا دفاع کیا ہے اور مشکل حالات میں بھی ایک دوسرے کا ساتھ نہیں چھوڑا۔