میٹرک بورڈ میں 32 ملازمین کی سنیارٹی کم فٹنس کی بنیاد پر ترقی

کراچی : سنیارٹی کم فٹنس کی بنیاد پر بورڈ ملازمین کے پروموشن لیٹرز تقسیم کرنے کے لیے ایک سادہ اور پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں بورڈ ملازمین نے کثیر تعداد میں شرکت کی، اس تقریب میں 32 سینئر بورڈ ملازمین کو پروموشن لیٹر دئیے گئے ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ سید شرف علی شاہ نے کہا کہ بورڈ ملازمین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا رہے ہیں ، میں جب بورڈ آیا تو اس وقت کافی سالوں سے بورڈ ملازمین کے پروموشنز رکے ہوئے تھے ، میں نے اسی وقت عہد کیا تھا کہ ملازمین کو ان کا جائز حق دوں گا ، آج کی تقریب اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

سنیارٹی کم فٹنس کی بنیاد پر بورڈ ملازمین کے پروموشنز کا عمل جاری ہے، کلاس فور کے تعلیم یافتہ ملازمین کے پروموشنز بھی زیر غور ہیں اور عنقریب تمام حقدار ملازمین کو پروموشن لیٹر جاری کر دئیے جائیں گے، سنیارٹی لسٹ کا اجراء بھی جلد کر دیا جائے گا ۔

اس موقع پر چیئرمین سید شرف علی شاہ نے کہا کہ میں تمام ترقی پانے والے ملازمین کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں اور دعاگو ہوں کہ اللہ انہیں مزید ترقی عطا فرمائے ۔

مزید پڑھیں : جامعہ کراچی : سلیکشن بورڈز ایکشن کمیٹی کا ہنگامی اجلاس منگل کو طلب

اس سے قبل ایپکامیٹرک بورڈ کے صدر عبدالوہاب لاکھو نے اپنے خطاب میں کہا کہ چند ماہ قبل عرصہ درازسے کام کرنے والے ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کیا گیا ہے، آج 32 سینئر بورڈ ملازمین کے ایک ساتھ پروموشن کئے جا رہے ہیں جو بورڈ کی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے۔

چیئرمین بورڈ ذاتی دلچسپی لیکر بورڈ ملازمین کے مسائل حلکررہے ہیں جس کے لیے ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ تقریب سے ڈائریکٹر ایجوکیشنل ریسرچ مسز حور مظہر، ناظم امتحانات عمران طارق بٹ اور اسسٹنٹ سیکریٹری خاور کمال صدیقی نے بھی خطاب کیا اور بورڈ ملازمین کی ترقی کے لیے چیئرمین کی طرف سے کئے گئے اقدامات کو سراہا اور اسے بورڈ ملازمین کے لئے خوش آئند قرار دیا۔

اس موقع پر سید محمد علی شائق سیکریٹری، ڈاکٹر نوید احمد گجر ڈپٹی سیکریٹری، حبیب اللہ سہاگ ڈپٹی کنٹرولر آف ایگزامنیشن، ایم ، اے جعفری میڈیا کو آرڈینیٹر و دیگر افسران موجود تھے ۔