کراچی : سٹی کورٹ کراچی کے اطراف وکلا کی گاڑیوں کو ای چالان جاری کرنے پر وکلا کا احتجاج، فوری طور پر کارروائی روکنے کا مطالبہ کیا ہے ۔
کراچی: سٹی کورٹ کراچی میں روزانہ کی بنیاد پر پیش ہونے والے وکلا نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ عدالت کے اطراف پارکنگ کی ناکافی سہولیات کے باعث ان کی گاڑیوں کو جاری کیے جانے والے ای-چالان فوری طور پر بند کیے جائیں۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سٹی کورٹ اور خاص طور پر ایم اے جناح روڈ کے اطراف کا علاقہ ہمہ وقت عوامی رش، بازاروں اور محدود جگہ کے باعث انتہائی رش کا شکار رہتا ہے۔ ایسی صورتحال میں وکلا کے لیے اپنی گاڑیاں مناسب جگہ پر پارک کرنا ممکن نہیں ہوتا، اور وہ مجبوری کے تحت عدالت کے آس پاس یا ایم اے جناح روڈ پر گاڑیاں کھڑی کرتے ہیں۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ان مجبوریوں کے باوجود وکلا کو ای چالان جاری کیے جا رہے ہیں، جو کہ ان کے لیے مالی بوجھ، ذہنی پریشانی اور پیشہ ورانہ مشکلات کا سبب بن رہا ہے۔ وکلا پہلے ہی سخت عدالتی نظام الاوقات کے تحت کام کر رہے ہیں، ایسے میں ای-چالان ایک اضافی اذیت بن چکے ہیں۔
وکلا نے مطالبہ کیا ہے کہ جب تک سٹی کورٹ کے لیے مناسب اور باقاعدہ پارکنگ سہولت فراہم نہیں کی جاتی، اس وقت تک ای-چالانز کا اجراء روکا جائے۔
انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ قانونی برادری کے اس اہم مسئلے پر حکام توجہ دیں گے اور عدالتی نظام کے مؤثر اور پرامن طریقے سے چلنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
