ٹریفک اہلکار کاغذات کے باوجود ڈرائیوروں کو تنگ کرتے ہیں : ارشاد بخاری

کراچی : کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کا ہنگامی اجلاس زیر صدارت سید ارشاد حسین شاہ بخاری منعقد ہوا ۔ اجلاس میں عہدیداران کے علاوہ بھاری تعداد میں ممبران نے شرکت کی ۔

ممبران نے ٹریفک پولیس کے بے تحاشہ چالانات اور غیر قانونی کارروائیوں کے متعلق بتایا کہ کاغذات مکمل ہونے کے باوجود رشوت طلب کرتے ہیں اور یہ کارروائی شاہراہِ فیصل پر کار میں چلنے والے ٹریفک پولیس کے اہلکار کرتے ہیں ۔

مختلف حیلے بہانے کر کے ٹرانسپورٹرز سے رقم بٹورتے ہیں۔ ان کی غیر قانونی کارروئیوں سے سخت پریشان ہیں اور اس سلسلے میں ڈی آئی جی ٹریفک کو بذریعہ خط بھی آگاہ کیا ہے ۔

مذید پڑھیں : سعودی عرب میں انٹرنیشنل شیف کمپٹیشن میں پاکستانی خاتون حنا شعیب کی تیسری پوزیشن

علاوہ ازیں حالیہ بارشوں سے شہر کی سڑکیں کھنڈرات میں بدل گئی ہیں۔ مین شاہراہوں پر بھی گہرے کھڈے ہوگئے، مضافاتی بستیوں کے روڈ ندیوں کا منظر پیش کررہے ہیں، جس سے گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے ۔

گاڑیاں ہچکولے لے رہی ہیں، کسی بھی وقت ان کے الٹنے کا خطرہ ہے۔ ہم کمشنر کراچی ، تمام ڈپٹی کمشنر صاحبان، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ اور متعلقہ افراد سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سڑکوں کی مرمت کی جائے اور محکمہ بلدیات سے گزارش کرتے ہیں کہ خدارا ان مسائل سے نجات دلائی جائے ۔