نسیم شاہ اس عمر میں مجھ سے زیادہ با صلاحیت ہے، شان ٹیٹ

شان ٹیٹ

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ شان ٹیٹ کہتے ہیں کہ نسیم شاہ اس عمر میں مجھ سے زیادہ با صلاحیت ہے۔ نسیم شاہ کے اندر میں اپنی جوانی دیکھتا ہوں۔

دوسری جانب انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کپتان معین علی نے کہا ہے کہ پاکستان کے دورے پر آئی ہماری ٹیم کو ہرگز بی ٹیم قرار نہیں دیا جا سکتا۔ اسکواڈ میں شامل نئے کھلاڑیوں کو خود کو منوانے کا بہترین موقع ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والی پریس کانفرنس میں شان ٹیٹ کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کھلاڑی دنیا بھر میں کھیلتے ہیں اور ہم صرف انہیں اعتماد دے سکتے ہیں۔ مجھے اندازہ ہے کہ فاسٹ بولر کو جب کریمپس ہوتے ہیں تو کتنا درد ہوتا ہے۔ ایشیا کپ میں جب نسیم شاہ کو ٹانگ میں درد ہوا تو میں اس کو گراؤنڈ میں لینے گیا۔

انہوں نے کہا کہ میزبان ٹیم کے پاس دنیا کے بہترین اور باصلاحیت فاسٹ بولرز موجود ہیں۔ میرے پاکستانی بولرز کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اور پاکستان ٹیم کے ساتھ کام کرنا ایک اچھا تجربہ ہے۔

مہمان ٹیم کی قیادت کی ذمہ داری نبھانے والے معین علی نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے انگلینڈ کی بی ٹیم نہیں بلکہ ہمارے کئی کھلاڑی انجری کا شکار ہیں۔ اس کے باوجود ہم سمجھتے ہیں کہ دیگر کھلاڑی باصلاحیت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم میں شامل نئے پلیئرز کے پاس موقع ہے کہ وہ خود کو منوائیں، ہمارے پاس ایسے کھلاڑی موجود ہیں۔ جو پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی پیش کر چکے ہیں۔ ہم ان کی موجودگی اور تجربہ سے فائدہ اٹھائیں گے۔

دوسری جانب معین علی نے کہا کہ اس بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ جوز بٹلر سیریز کے تمام میچز سے باہر ہوئے یا چند میچز میں ان کی خدمات دستیاب ہو سکیں گی۔ انگلش کپتان کا کہنا تھا کہ ہم جوز بٹلر کو ٹیم میں شامل کرکے رسک نہیں لینا چاہتے۔ پاکستان کے پاس اچھے اسپنرز موجود ہیں، لیکن دونوں ٹیمیں اسپینرز کو اچھا کھیلتی ہیں، پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے خدمات انجام دینے والے ثقلین مشتاق جب ہمارے کوچ تھے تو ہم نے ان سے بہت کچھ سیکھا۔

واضح رہے کہ انگلینڈ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر انجری کا شکار ہیں جس کے باعث ٹیم کی قیادت معین علی کر رہے ہیں۔