آفیسر اور غیر تدریسی ملازمین ویلفیئر ایسوسی ایشن کا VC کیلئے نیک خواہشات کا اظہار

کراچی : وفاقی اردو یونیورسٹی کی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن اور غیر تدریسی ملازمین ویلفیئر ایسوسی ایشن (عبدالحق کیمپس) نے پروفیسر ڈاکٹر محمد ضیاء الدین کو اردو یونیورسٹی کا قائم مقام وائس چانسلر تعینات ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے ۔

دونوں ایسوسی ایشنوں نے مشترکہ طور پر جاری بیان میں اس امید کا اظہار کیا کہ پروفیسر ڈاکٹر محمد ضیاء الدین نہ صرف یونیورسٹی کی ترقی کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتوں اور تجربہ کو بروئے کار لائیں گے بلکہ ملازمین کے اجتماعی معاملات کو حل کرنے کو بھی اپنی ترجیحات میں شامل کریں گے ۔

اس اعلامیہ میں خصوصی طور پر گزشتہ چند ماہ سے یونیورسٹی کے ملازمین کو درپیش سنگین مالی بحران اور اس کے نتیجہ میں تنخواہوں اور رینٹل سیلنگ جب کہ ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن کی تاخیر سے ادائیگی کی وجہ سے سخت پریشانی کا سامنا ہے ۔

مذید پڑھیں : سلیکشن بورڈز ایکشن کمیٹی نے تادم مرگ بھوک ہڑتال کا فیصلہ 20 ستمبر تک ملتوی

لہذا ملازمین پر امید ہیں کہ نئے قائم مقام وائس چانسلر اس سنگین معاملہ کی طرف خصوصی توجہ دیں گے ۔ ملازمین کے رہنماؤں نے پروفیسر ڈاکٹر محمد ضیاء الدین کو یقین دہانی کروائی کہ یونیورسٹی کی ترقی اور ملازمین کی فلاح و بہبود کے لئے اٹھائے گئے تمام اقدامات میں ان کی حمایت کی جائے گی۔

دوسری جانب ماہر تعلیم و رکن نامزد کنندہ کمیٹی ڈاکٹر کمال حیدر نے بھی سینئر ڈین ڈاکٹر ضیاالدین کو وائس چانسلر بننے پر مبارک باد پیش کی ہے اور اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ ڈاکٹر محمد ضیاالدین حسب سابق جامعہ کیلئے بہترین خدمات انجام دینگے اور اساتذہ ان کا ہر ممکن تعاون کریں گے ۔