اراکین کراچی پریس کلب کے بچوں کیلئے دو روزہ اسکاؤٹ کیمپ کا انعقاد

کراچی : کراچی پریس کلب اورسندھ بوائے اسکاوٹس ایسوسی ایشن کے تعاون سے اراکین کراچی پریس کلب کے بچوں کے لیے دو روزہ اسکاؤٹ کیمپ کا انعقاد گلستان اسکاؤٹ ٹریننگ سینٹر گلشن اقبال میں کیا گیا۔

اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکرٹری محمد رضوان بھٹی، جوائنٹ سیکرٹری محمد اسلم خان، ممبر گورننگ باڈی خلیل احمد ناصر، سید اطہر حسین، منیر عقیل انصاری، نذیر احمد عباسی، عادل احمد، محمد عاصم بھٹی بھی شریک تھے ۔

سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے پیٹرن،کراچی اوپن ڈسٹرکٹ کے اسکاؤٹ کمشنر اور جامعہ کراچی کے ڈین فیکلٹی آف لاء جسٹس ریٹائرڈ حسن فیروز،سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری سید اختر میر، صوبائی خازن محمد حسین مرزا،ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن فرقان احمد یوسفی، قاضی ناصر، گلستان اسکاؤٹ ٹریننگ سینٹر میں بچوں کو دو روزہ تر بیت دینے والے تربیتی اراکین (اسکاؤٹ لیڈرز ٹرینر) آصف محمود احمد مرزا، عالم صائم، مرزا شبیر مقصودی ، عظمی وقار، نصرت فاطمہ، ناصر جمال، مصیب بیگ، سعید احمد اور جامعہ کراچی اسکاؤٹس لیڈر و ریسکیو اسپیشلسٹ انسٹرکٹر حمزہ مبین سمیت صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

مذید پڑھیں : اعلی سیاسی شخصیت کے فرنٹ مین علی حسن بروہی کیخلاف منی لانڈرنگ کی ایک اور انکوائری شروع

کراچی پریس کلب اور سندھ بوائے اسکاؤٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب کے اراکین کے بچوں کیلئے دو روزہ اسکاؤٹ کیمپ کا ہفتہ کی صبح آغاز کیا گیا، بچے دو روز تک خیموں میں رہے ہیں اور اس دوران بچوں نے عملی زندگی کے مراحل کا مشاہدہ بھی کیا، تربیت کے دوران بچوں کو معاشرے کا بہترین فرد بنانے کے لیے ان کی کردار سازی کے مختلف اْمور سے روشناس کرایا گیا ۔

کیمپ میں شرکت کے لئے بچے ہفتہ کی صبح اور بچیاں اتوار کی صبح بڑے جوش و خروش کے ساتھ گلستان اسکاؤٹ پہنچے۔جہاں پر سینئر اسکاؤٹ لیڈر ز نے بچوں کو تربیت فراہم کی ہیں۔ اس طرح کی تربیت بچوں کی ذہنی، جسمانی نشو و نما کے لئے کارآمد ہوتی ہے۔دو روزہ اسکاؤٹ کیمپ میں 100 سے زاید بچوں، جس میں 65 طلبہ اور 37 طالبات نے شرکت کی۔

طلباء کو اسکاؤٹس کی بنیادی تربیت کے ساتھ بون فائر، کمانڈو ریس ، ایمرجنسی ریسپانس، مسینجر آف پیس ، ایڈوینچر ٹریل سمیت دیگر غیر نصابی سرگرمیاں کرائی گئیں ۔ دو روزہ اسکاؤٹ کیمپ میں شریک طلباء کا کہنا تھا کہ یہاں آ کر ہمیں بہت مزہ آیا ہے اور بہت سی چیزیں سیکھنے کو ملیں ہیں، بچوں نے اس طرح کے مزید اسکاؤٹنگ کو جاری رکھنے کا بھی مطالبہ کیا ہے ۔

مذید پڑھیں : افغان شہری پولیس میں SP کے عہدے تک کیسے پہنچ گیا ؟

دو روزہ اسکاؤٹ کیمپ کے پہلے روز افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری سید اختر میر نے کہا کہ اسکاؤٹ کیمپ کا مقصد بچوں میں چھپی صلاحتیوں کو سامنے لانا ہے۔اسکاؤٹنگ بچوں میں نظم و ضبط، وقت کی پابندی اور اصولوں کی پاسداری پیدا کرتی ہے جبکہ اس سے بچوں کو منفی سرگرمیوں سے بھی محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔ اسکاؤٹنگ کا مقصد نوجوانوں کی جسمانی، ذہنی اور روحانی صلاحیتوں کو اجاگر کر کے مقامی، قومی اور بین الاقوامی سطح پر انہیں معاشرے کی بہتری کے لیے استعمال کرنا ہے ۔

سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے پیٹرن اورکراچی اوپن ڈسٹرکٹ کے اسکاؤٹ کمشنر جسٹس ریٹائرڈ حسن فیروز اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے کراچی پریس کلب کے اراکین بچوں کے لیے دو روزہ اسکاؤٹ کیمپ کے کامیاب انعقاد پرکراچی پریس کلب اور سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے اسکاؤٹ لیڈرز کو سراہا،اور کیمپ کو کامیاب بنانے میں مدد کرنے والے تمام شراکت داروں اور دیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔

مذید پڑھیں : پیپلز پارٹی کی MNA مہرین بھٹو پر نااہلی کی تلوار لٹک گئی

انہوں نے کہا کہ میں انبچوں کے والدین کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنے بچوں کو اس کیمپ میں شرکت کی اجازت دی اور ان کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ اسکاؤٹ ایسوسی ایشن کے دروازے معاشرے کے نوجوانوں کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی نے سندھ بوائے اسکاوٹس ایسوسی ایشن کی انتظامیہ اسکاؤٹس لیڈرز کا شکریہ اد کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے تربیتی کیمپ کا بنیادی مقصد بچوں کو کسی بھی ہنگامی صورت حال یا آفت جیسے مشکل حالات میں جینے کا اعتماد اور حوصلہ دینا ہے، مجھے امید ہے کہ اس اسکاؤٹ کیمپ میں دو روز گزار کرجا نے والے طلباء کو عملی زندگی میں اس کا فائدہ ہو گا اور بچوں میں لوگوں کے لیے خدمت کا جذبہ مزید ابھرے گا ۔

سیکرٹری محمد رضوان بھٹی نے سندھ بوائے اسکاوٹس ایسوسی ایشن کی کاوشوں کو سراہاتے ہوئے کہا کہ جسطرح انہوں نے کراچی پریس کلب کے اراکین کے بچوں کے لیے دو روزہ تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا ہے جس میں بچوں میں قائدانہ کردار، مل جل کر کام کرنے، خود انحصاری اور کئی اہم مہارتوں کے بارے میں تربیت فراہم کی ہیں،میں سندھ بوائے اسکاوٹس ایسوسی ایشن کے تما م اراکین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

مذید پڑھیں : کریم آباد EOBI ریجنل آفس افسران کی کمائی کا ذریعہ بن گیا

انہوں نے کہا کہ کراچی پریس کلب آئندہ بھی اپنے ارکین اور ان کے بچوں کے لیے اس طرح کی مزید ٹریننگ کیمپ،پکنک اور دیگر سرگرمیوں کا انعقاد کرے گی ۔ اسکاؤٹس کیمپ میں اتنی بڑی تعداد میں بچوں کی دلچسپی اور جوش و خروش بہت حوصلہ افزاء ہے۔ اسکاؤٹنگ ایک بین الاقوامی تحریک ہے جو افراد کی ہمہ گیر تربیت خصوصا ً جسمانی، ذہنی اور جذباتی صلاحیتوں کو نکھارتی ہے ۔

بعد ازاں کراچی پریس کلب کی جانب سے سندھ بوائے اسکاوٹس ایسوسی ایشن کے پیٹرن اور اسکاؤٹ کمشنرجسٹس ریٹائرڈ حسن فیروز، صوبائی خازن محمد حسین مرزا کو اعزازی شیلڈ اور اجراک کا تحفہ پیش کیا،جبکہ صوبائی سیکرٹری سید اختر میر بیرون شہر ہونے کی وجہ سے ان کی شیلڈ اور اجراک ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن فرقان احمد یوسفی نے وصول کی۔

دو روزہ اسکاؤٹ کیمپ میں تربیت دینے والے سینئر اسکاؤٹس لیڈرز کو ان کی خدمت کے اعتراف میں انھیں سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا، اسی طرح کیمپ میں قابل ستائش خدمات انجام دینے والے اور تربیت حاصل کرنے والے بچوں کو اسناد دیے گئے ۔