ایپکا کی چیئرمین اور کنٹرولر کو میٹرک بورڈ کے نتائج پر مبارک باد

کراچی : ایپکا میٹرک بورڈ کراچی کے منتخب نمائندوں سلمان احمد خان سنیئر نائب صدر، ارشاد علی جمالی جونیئر نائب صدر، شکیل لقمان جنرل سیکریٹری، بلال حسین ڈپٹی جنرل سیکریٹری، محمد شفیق، فنانس سیکریٹری، شعیب سلیم چیمپیئن پریس سیکریٹری اور محمد وکیل برفت آفس سیکریٹری نے ایپکا کے صدر عبدالوہاب لاکھو کی قیادت میں چیئرمین بورڈ سید شرف علی شاہ سے خصوصی ملاقات کی ۔

ملاقات میں میٹرک سائنس گروپ برائے سال 2022کے امتحانی نتائج کے قبل از وقت اجراء پر چیئرمین سید شرف علی شاہ، ناظم امتحانات عمران طارق، سیکریٹری سید محمد علی شائق، اساتذہ کرام، تمام بورڈ ملازمین اور اس امتحان میں شریک تمام کامیاب امیدواروں کو دلی مبارکباد پیش کی ۔

واضح رہے کہ میٹرک سائنس گروپ کے امتحانات 03جو ن 2022 کو اختتام پذیر ہوئے تھے اور ان امتحانات میں 1,52,000 سے زائد امیدوار رجسٹرڈہوئے ما ضی میں میٹرک کے امتحانات میں دس مضامین ہوتے تھے جبکہ اس سال سے نیو اسکیم آف اسٹیڈیز کے تحت چودہ مضامین شامل ہیں جو کہ بورڈ کی تاریخ کے سب سے بڑے امتحانات تھے، زائد مضامین ہونے کے باوجود تقریبا تین ماہ کی قلیل مدت میں دن رات انتھک محنت کر کے ان امتحانات کے نتائج کا اعلان کیا گیا ہے جو کہ ایک منفرد ریکارڈ ہے۔

مذید پڑھیں : کریم آباد EOBI ریجنل آفس افسران کی کمائی کا ذریعہ بن گیا

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ سید شرف علی شاہ صاحب نے کہا کہ ان نتائج کی قبل از وقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے خواتین اسٹاف سمیت تمام بورڈ ملازمین نے شب و رو ز انتھک محنت کی، اساتذ ہ کرام نے بھرپور تعاون کیا جس کی بدولت ہم یہ سنگ میل عبور کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں بالکل اسی طرح نہم سائنس و جنرل گروپ اور دیگر امتحانات کے نتائج کا اعلان بھی ماضی کے مقابلے میں بہت جلد کر دیا جائے گا ۔

بورڈ ملازمین کے سنیارٹی کم فٹنس کی بنیاد پر ترقیوں کاعمل اپائنمنٹ کمیٹی اور بی او جی نے مکمل کرلیا ہے اور ضابطہ کی مزید کارروائی مکمل ہوتے ہی تمام حقدار ملازمین کو ان کے پروموشن کے لیٹر فوری طور پر جاری کر دیئے جائیں گے اور سنیارٹی لسٹ بھی جلد جاری کر دی جائے گی بورڈ ملازمین کے دیگر مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے ۔

اس موقع پر ایپکا کے نمائندوں نے چیئر مین سید شرف علی شاہ صاحب کو بورڈ کے تمام معاملات بہتر طور پر چلانے اورملازمین کے مسائل حل کرنے پر مبارکباد پیش کی اور شکریہ ادا کیا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایپکا کے منتخب نمائندوں نے کہا کہ سید شرف علی شاہ چیئرمین بورڈ نے ہمیشہ طلباء و طالبات، اساتذہ کرام، بورڈ ملازمین اور عوام الناس کی بھلائی اور سہولت کے لئے مثبت اقدامات کئے جس کے بہترین نتائج ہم سب کے سامنے ہیں۔ ایپکا کے نمائندوں نے چیئرمین صاحب کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔