پولیس افسران کیلئے منعقدہ DNA لیب تربیتی سیشن مکمل ہو گیا

کراچی : صوبے کی پہلی جدید سندھ فرانزک ڈی این اے اور سیرولوجی لیبارٹری (ایس ایف ڈی ایل) کے تحت بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی میں منعقدہ کرائم سین یونٹ آفیسرز سندھ پولیس کے لیے فرانزک ڈی این اے سے متعلق تین روزہ تربیتی سیشن کامیابی سے مکمل ہو گیا ہے۔

اس تربیتی سیشن کا مقصدپولیس افسران میں ڈی این اے سے متعلق مختلف کیسز میں نمونوں کی جمع آوری، لیبلنگ، پیکجنگ اور دستاویزات کی تیاری کے حوالے سے صلاحیتوں میں اضافہ کرنا تھا۔

ایس پی کرائم سین ہیڈکوارٹرز کراچی محترمہ نسیم آراء پنہور، آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کی ڈائریکٹر ایکٹنگ پروفیسرڈاکٹر فرزانہ شاہین اور ایس ایف ڈی ایل کے فرانزک کے انچارج اور پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر اشتیاق احمدخان نے ایل ای جے نیشنل سائینس انفارمیشن سینٹر جامعہ کراچی میں منقعدہ کرائم سین یونٹ آفیسرز کے تربیتی سیشن کی اختتامی تقریب سے خطاب کیا۔ اس تین روزہ تربیتی سیشن میں کل 90افسران نے شرکت کی۔

مذید پڑھیں : ڈاکٹر شمیل احمد زبیری کی میت جامعہ کراچی کے قبرستان میں سپرد خاک

ایس پی کرائم سین نسیم آراء پنہور نے انتہائی کارآمد تین روزہ تربیتی سیشن کے انعقاد پر آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کا شکریہ ادا کیا، انھوں نے سندھ فرانزک ڈی این اے اور سیرولوجی لیبارٹری میں موجود جدید آلات کی تعریف کی اور ماہرین کے کام کو بھی سراہا۔ پروفیسر فرزانہ شاہین نے سیشن کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کی کارکردگی کو سراہا، تربیتی سیشن کے شرکاء کے نظم و ضبط کا بھی شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر اشتیاق احمدخان نے تقریب میں کلمہئ سپاس ادا کیا۔

ایس پی کرائم سین نسیم آراء پنہور نے سیشن کے شرکاء کے ہمراہ سندھ فرانزک ڈی این اے اور سیرولوجی لیبارٹری کا دورہ کیا۔ آخر میں تربیتی سیشن کے شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں۔