ڈاکٹر شمیل احمد زبیری کی میت جامعہ کراچی کے قبرستان میں سپرد خاک

کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر شمیل احمد زبیری منگل کی شام کو اچانک حرکت قلب بند ہوجانے سے انتقال کرگئے۔ان کی نمازجنازہ جامعہ کراچی کی جامع مسجد ابراہیم میں بدھ کے روز بعد نمازظہر اداکی گئی۔بعد ازاں انہیں جامعہ کراچی کے قبرستان میں سپردخاک کیا گیا۔

نمازجنازہ میں جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی، روئسائے کلیہ جات،مختلف شعبہ جات کے صدور اور اساتذہ وطلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ڈاکٹر شمیل زبیری 18 فروری2006 ء کو کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول میں بحیثیت لیکچرار تعینات ہوئے اور 15 ستمبر2014ء کو اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدے پر فائز ہوئے۔

دریں اثناء جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی نے ڈاکٹر شمیل احمد زبیری کی وفات پردلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ جامعہ ایک اچھے استاد ،شریف النفس انسان ، محقق اور ماہر تعلیم سے محروم ہوگئی ۔مرحوم طلبہ اور فیکلٹی میں یکساں مقبول تھے ،ان کی وفات سے جو خلاپیدا ہوگا اس کی تلافی ممکن نہیں۔دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبرجمیل عطاکرے۔