گومل یونیورسٹی کا کمپیوٹر آپریٹر KP ہائوس اسلام آباد کا انچارج تعینات

اسلام آباد: وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے گومل یونیورسٹی کے کمپیوٹر آپریٹر کو کے پی ہاؤس اسلام آباد کا انچارج لگا دیا ۔

ذرائع کے مطابق محمود خان کے پرسنل سیکرٹری برائے آفس نے اپنے بھائی کو خیبر پختون خواہ ہاؤس اسلام آباد کا کنٹرولر بنوایا اور انجم نیاز نے چارج سنبھالتے ہی 22 ڈیلی ویجز ملازمین بھی بھرتی کر لیے ہیں ۔ کے پی حکومت نے گریڈ 18 کی پوسٹ پر گریڈ 16 کا کمپیوٹر آپریٹر تعینات کر دیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ کمپٹرولر کے پی ہاؤس اسلام آباد انجم نیاز کے زیر استعمال تین گاڑیاں ہیں، انجم نیاز کو سرکاری طور پر پیٹرول بھی دیا جا رہا ہے اور کنونس الاؤنس بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں : الطاف حسین کا نائن زیر جلایا گیا ؟

ذرائع کے مطابق انجم نیاز سرکاری گھر میں رہائش پذیر ہیں اور ہاؤس رینٹ بھی لے رہے ہیں، گھر کے بجلی اور گیس کے بل سرکاری خزانے سے ادا کیے جا رہے ہیں ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کے پی ہاؤس کے بل انجم نیاز کے بھائی پی ایس او ٹو چیف منسٹر ویریفائی کرتے ہیں۔ کنپٹرولر کے پی ہاؤس انجم نیاز کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ میری تعیناتی ڈیپارٹمنٹ نے کی ہے، میری تعیناتی سے متعلق ڈپارٹمنٹ ہی جواب دہ ہے ۔