سری لنکا نے خطرے کی گھنٹی بجادی، فائنل سے قبل پاکستان کو شکست

پاکستان سری لنکا

سری لنکا نے ایشیا کپ فائنل سے قبل پاکستان کو سپر فور مرحلے کے میچ میں پاکستان کو باآسانی شکست دے کر قومی ٹیم کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی۔

دبئی میں کھیلے جانے والے سپر فور کے اس میچ میں سری لنکن نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔

پاکستانی بیٹر نے اچھا پاور پلے کھیلا تاہم وہ اسے بڑے اسکور میں تبدیل نہ کرسکے، قومی ٹیم کا پہلا کھلاڑی 28 رنز جبکہ دوسرا کھلاڑی دسویں اوور میں 63 کے اسکور پر پویلین لوٹا، تاہم اس کے بعد پاکستانی بیٹنگ لائین ریت کی یوار ثابت ہوئی۔

کوئی پاکستانی کھلاڑی جم کے نہ کھیل سکا اور قومی بیٹر وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتے رہے، تاہم اختتامی لمحات میں محمد نواز نے 18 گیندوں پر 26 رنز بنا کر ٹیم کو 121 کے ٹوٹل تک پہنچایا۔

سری لنکا کی جانب سے ہسارانگا نے تین وکٹیں لیں، مدھوشن، تھیکشنا کے حصے میں دو دو وکٹیں آئیں۔

ہدف کے دفاع میں ایک مرتبہ پھر پاکستانی پیسرز نے کپتان بابر اعظم کو مایوس نہیں کیا، حسنین اور حارث دونوں نے اپنے پہلے پہلے اوورز میں ہی وکٹ لے کر سری لنکا کو روکنے کی کوشش کی۔

اس کے بعد حارث رؤف تیسرا سری لنکن کھلاڑی کو بھی آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے، تاہم اس کے بعد سری لنکا نے نسانکا اور راجاپکسے کی 51 رنز کی ذمہ دارانہ پارٹنرشپ میچ یکطرفہ کرنے میں کامیاب ہوئی۔

کپتان شناکا اور نسانکا نے بھی 33 رنز جوڑ کر پاکستان کو فتح سے دور کردیا، البتہ اختتامی لمحات میں پاکستانی پیسرز نے میچ میں آنے کی کوشش کی، لیکن کم اسکور نے انہیں یہ اجازت نہیں دی۔

سری لنکا نے یہ میچ 5 وکٹوں کے نقصان پر آسانی کے ساتھ جیت لیا اور اس فتح کے ساتھ ہی سری لنکا نے سپر فور میں ناقابلِ شکست رہتے ہوئے اختتام کیا۔