جمعیت علمائے اسلام کا 7 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان اندرون سندھ روانہ

کراچی : جمعیت علمائے اسلام کا امدادی سامان اندرون سندھ روانہ کر دیا گیا ۔ 7 ٹرکوں پر مشتمل 3 ہزار سے زائد خاندانوں کا راشن قاری محمد عثمان اور حاجی محمد طاہر انصاری کی سربراہی میں روانہ ہوا ہے ۔

جمعیت علمائے اسلام ضلع کیماڑی کے تعاون سے الخیر ٹرسٹ العالمی کے زیر اہتمام سندھ کے سیلاب متاثرین کیلئے دوسرے مرحلے میں 7 ٹرکوں پر مشتمل بڑا قافلہ سندھ کے مختلف اضلاع کے سیلاب متاثرین میں امدادی اشیاء اور راشن تقسیم کرے گا۔ پہلے مرحلے میں تقریبا 55 لاکھ روپے کا امدادی سامان الخیر ٹرسٹ العالمی کے ذریعے بلوچستان روانہ کیا جا چکا ہے۔

جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما، امیر ضلع کیماڑی قاری محمد عثمان نے روانگی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت پورا ملک سیلابی پانی میں ڈوب چکا ہے۔ صوبہ سندھ میں سب سے زیادہ اموات اور نقصانات ہوئے ہیں اس لئے کہ پورے ملک کے سیلابی ریلے سندھ میں داخل ہوگئے ہیں۔

قاری محمد عثمان نے کہا کہ ملک بھر میں جمعیت علماء اسلام اور اسکی رضاکار تنظیم انصار الاسلام اور الخیر ٹرسٹ العالمی جانب سے امدادی سرگرمیاں بلا تعطل جاری ہیں۔ ہزاروں خاندانوں تک راشن پہنچایا جا چکا ہے، ہزاروں کی تعداد میں پکا پکایا کھانا متاثرین میں تقسیم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سمیت ملک بھر کے صاحب حیثیت افراد سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے حسب سابق آگے آئیں۔ لاکھوں لوگ اب بھی مدد و نصرت کے منتظر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں بلا تفریق خدمت ہی سب سے بڑا عمل ہے۔

مذید پڑھیں : میٹرک بورڈ کے نتائج میں دسویں جماعت کے 80 فیصد طلبہ کامیاب

الخیر ٹرسٹ العالمی کے چیئرمین حاجی محمد طاہر انصاری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک بار پھر پورے ملک خصوصا سندھ کے تباہ حال عوام اہل کراچی کی محبت اور شفقت کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کراچی کے مخیر حضرات، علماء کرام، دینی جماعتوں اور رفاہی اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت صوبہ سندھ کا ہر فرد ہر طرح کی انسانی ضروریات سے محروم اللہ کے آسرے اور اپنے مسلمان بھائیوں کے سہارے کے منتظر بے سہارا کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الخیر ٹرسٹ العالمی اکابرین امت کی سرپرستی میں ہرمصیبت زدہ اور پریشان حال کی دادرسی، متاثرین سیلاب کی بحالی کیلئے ہرممکن کوشش جاری رکھے گا۔

قافلے میں بابائے جمعیت الیاس خان، جے یوآئی پی ایس 114 کے جنرل سیکریٹری حاجی عزیز الرحمن عزیز، ضلعی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات قاری محمد لغاری، پی ایس 112 کے جنرل سیکریٹری مفتی محمد اشرف، ضلعی سالار محمد امین، مولانا سمیع الحق، قاری محمد اسماعیل چترالی، قاری روح الامین کے علاوہ بڑی تعداد میں دیگر لوگ بھی شامل تھے۔