کرشنا کے بعد ایک اور اہم فنکار نے کپل شرما شو چھوڑ دیا

بھارت کے مقبول کامیڈی شو ‘دی کپل شرما شو’ کا نیا سیزن کچھ ہی دنوں میں شروع ہونے جارہا ہے لیکن اس پروگرام کے مداحوں کو ایک اور بڑا دھچکا لگا ہے۔

معروف کامیڈین و اداکار کرشنا ابھیشیک کے بعد اب شو کے ایک اور اہم فنکار نے کپل شرما شو کو خیر باد کہہ دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چندو ( چندن پرابھاکر) کپل شرما شو کے نئے سیزن میں نظر نہیں آئیں گے۔

بھارتی میڈیا کو ایک انٹرویو میں چندن پرابھاکر نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ’ میں دی کپل شرما شو کے اس سیزن کا حصہ نہیں ہوں ، اس کی کوئی خاص وجہ نہیں ہے۔ میں صرف تھوڑا بریک لینا چاہتا ہوں’۔

گزشتہ ماہ بھارتی سنگھ نے اعلان کیا تھا کہ وہ اب کپل شرما شو میں زیادہ نظر نہیں آئیں گی، دیگر مصروفیات کے باعث انہوں نے کبھی کبھی شو میں نظر آنے کا بتایا تھا، اس کے بعد یہ خبریں سامنے آئیں کہ کرشنا نے بھی شو چھوڑ دیا۔ بعد ازاں کرشنا ابھیشیک نے خود تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ کامیڈی شو کا حصہ نہیں ہوں گے۔

کرشنا سے میڈیا ٹاک کے دوران جب کامیڈی شو سے متعلق سوال ہوا تو انہوں نے مختصر جواب دیتے ہوئے بتایا کہ’ہاں میں اب یہ شو نہیں کروں گا، پروگرام کے پروڈیوسرز کے ساتھ معاہدے کے مسائل ہیں’۔