آصف علی اور فرید احمد پر ICC نے جرمانہ کر دیا

آصف علی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) نے پاکستانی بیٹر آصف علی اور افغانستان کے بولر فرید احمد پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ کردیا۔

آئی سی سی نے گزشتہ روز ایشیا کپ کے میچ میں آصف علی اور فرید احمد کے درمیان گرما گرمی کے معاملے پر اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔

میچ ریفری نے لیول ون ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر دونوں کھلاڑیوں پر جرمانہ عائد کیا۔

میچ کے دوران آصف علی اور افغانستان ٹیم کے فاسٹ بولر فرید احمد کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا تھا۔

فرید احمد نے آصف علی کو آؤٹ کرنے کے بعد غیر شائستہ زبان استعمال کی اور نازیبا اشارے کیے، رد عمل کے طور پر آصف علی نے بیٹ اٹھایا اور اس دوران باڈی کنٹیکٹ ہوا۔

میچ کے بعد دونوں کھلاڑیوں کو میچ ریفری نے طلب کیا اور سماعت کی، میچ ریفری نے دونوں کرکٹرز کو جرمانے کے بارے میں آگاہ کیا۔ آئی سی سی کی جانب سے آج باضابط اعلان کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ  پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو آخری اوور میں ایک وکٹ سے شکست دی تھی۔