عمران خان کا کردار پوری دنیا کے سامنے ہے،شرجیل میمن پہلے اپنے اور اپنے قائد زرداری کے کردار پر نظر ڈالیں۔ارسلان تاج

کراچی: پاکستان تحریک انصاف سندھ کے ترجمان و رکن صوبائی اسمبلی ارسلان تاج نے صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شرجیل میمن اپنے قائد آصف زرداری کی کرپشن کے دفاع میں اندھے ہو چکے ہیں۔

نیب کیسز میں گرفتاری کے دوران چھڑی پکڑ کر عدالت آنے والے گیدڑ امپورٹڈ حکومت میں شیر بنے ہوئے ہیں۔لاڈلے وہ سمجھے جاتے ہیں جو اربوں روپے کی کرپشن کے باوجود آزاد گھوم رہے ہیں۔عمران خان کو سچا پاکستانی اور محب وطن ہونے کیلئے کسی سے سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں۔

پارٹی سیکریٹریٹ انصاف ہاوس سے جاری اپنے بیان میں ارسلان تاج کا مزید کہنا تھا کہ نیب قوانین میں ترامیم اور اداروں میں من مانیاں اس امپورٹڈ حکومت نے شروع کیں۔عمران خان کا کردار پوری دنیا کے سامنے ہے۔ شرجیل میمن پہلے اپنے اور اپنے قائد زرداری کے کردار پر نظر ثانی کریں۔

شرجیل میمن جیسے مالشیے قسم کے وزراء ہی زرداری جیسے شخص کا دفاع کر سکتے ہیں۔ آج حب الوطنی کی بات وہ کر رہے ہیں جنہوں نے حسین حقانی کو سفیر بنایا۔

شرجیل میمن و سندھ کے وزرا کو سیلاب زدگان کی امداد پر توجہ دینی چاہیے۔ سیلاب زدگان سندھ کے وزراء کو ڈھونڈ رہے ہیں۔ بلاول و آصف زرداری سیلاب زدگان کو دوربین میں بھی نظر نہیں آرہے۔ عمران خان نوجوانوں اور پاکستانیوں کی امید ہے۔