جامعہ کراچی سب سے بڑی انٹرن شپ مکمل کر لی گئی

کراچی : بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے تحت پاکستان کا بڑا سب سے بڑا 15واں سمر انٹرن شپ پروگرام برائے سال 2022 کامیابی سے مکمل ہو گیا ہے ۔

اس انٹرن شپ پرگرام کے تحت ملک بھر سے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے 170طالب علموں کو سائنسی و انتظامی شعبہ جات میں تربیت دی گئی۔ بین الاقوامی مرکز کے گولڈن جوبلی ہال میں تقسیم اسناد کی تقریب ہفتے کو منعقد ہوئی ۔

جس سے آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری اور ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیور میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ جامعہ کراچی کی سائنسدان اورسمر انٹرن شپ پروگرام کی منتظم پروفیسر ڈاکٹر عصمت سلیم نے خطاب کیا۔

پروفیسر اقبال چوہدری نے کامیاب طالب علموں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ طالب علم جو بین الاقوامی معیار کے تحقیقی و تعلیمی ادارے میں کام کرنے کے تجربہ حاصل کرنا چاہتے ہیں اُن کے لیے یہ سمر انٹرن شپ پروگرام بہترین موقع ہے۔

طالبِ علموں میں جذبہئ رحم دلی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یہ وہ انسانی خُو ہے جو کامیابی کی کلید ہے اورطالبِ علموں کو اس ادارے میں یہ خُو سیکھنے کو ملی گی جبکہ سیکھنے کے لیے سر جھکانا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا یہ 170 طالب علموں کے لیے اعزاز اور برتری کی بات ہے کہ اُنھیں ملک بھر سے 3000 اُمیدواروں میں سے میرٹ کی بنیاد پر منتخب کیا گیا ہے۔ انھوں نے اس پروگرام کے انعقاد میں پروفیسر ڈاکٹر عصمت سلیم اور اُن کی ٹیم کی خدمات کو سراہا۔

پروفیسر عصمت سلیم نے کہا یہ پروگرام 2008ء سے اس ادارے میں ہر سال منعقد ہوتا رہا ہے ۔ انھوں نے کہا اس میں ملک بھر سے ڈگری سال آخر کے طالب علم شرکت کرتے ہیں جس کا مقصد انھیں سائنسی و انتظامی تربیت دینا ہے ۔

انھوں نے کہ اس سال ملک بھر سے اس پروگرام کے لئے 3000 درخواستیں موصول ہوئیں جس میں سے میرٹ کی بنیادوں پر 170طالب علموں کو منتخب کیا گیا، انھوں نے کہا طالب علموں کو کیمیائی و حیاتیاتی علوم، فوڈ سائنسز، اینجینئرنگ، پلانٹ بائیو ٹیکنالوجی، آئی ایس او مینجمینٹ، لائبریری سائنسز اور انفارمیشن ٹیکنالوجی جیسے شعبہ جات میں تربیت دی جاتی ہے۔ پروگرام کے اختتام پر شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں۔