بالی وڈ اسٹارز کی پاکستان کے سیلاب پر خاموشی نے برطانوی صحافی کو حیران کر دیا

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے معروف انٹرٹینمنٹ صحافی ہارون رشید نے پاکستان میں سیلابی تباہ کاریوں پر بالی وڈ کی خاموشی پر افسوس اور حیرانی کا اظہار کیا ہے۔

ٹوئٹر پر تصدیق شدہ اکاؤنٹ سے جاری پیغام میں ہارون رشید نے کہا میرا خیال تھا کہ انسانیت کی کوئی سرحد نہیں ہوتی لیکن یہاں تو شاید ہی کسی بالی وڈ اسٹار نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے بارے میں افسوس کا اظہار کیا ہو۔

اُنہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ سب فنکار اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ وہ کتنے مشہور ہیں اور متاثرین کے لیے ان کے آواز اُٹھانے سے کتنا فرق پڑے گا لیکن اس کے باوجود کسی ایک نے بھی آواز نہیں اٹھائی۔

خیال رہے کہ پاکستان میں مون سون بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے اب تک 1300 سے زائد افراد جاں بحق اور 3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہو چکے ہیں۔

پاکستانی حکومت اور سیلاب زدگان کے لیے پاکستانی اداکاروں سمیت دنیا بھر سے مشہور شخصیات اور ادارے تعاون کر رہے ہیں۔