ستائیس فروری تاریخ ساز دن،پاک فضائیہ آج یوم فتح منائے گی

قومی الرٹ: بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کا ایک سال مکمل ہونے پر پاک فضائیہ آج یوم فتح منائے گی۔ایل او سی پر بھمبر میں پاکستان کے ہاتھوں بھارتی ہزیمت کی یادگار تیار کر لی گئی۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق سرپرائز ڈے پر پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں ایوی ایشن آرٹس کی نمائش ہوگی نمائش میں نوجوان آرٹسٹس کے فن پارے رکھے جائیں گے۔ پاک فضائیہ کی جانب سے 27فروری کی مناسبت سے پرومو جاری کیا ہے جسے بے حد پذیرائی ملی ہے۔

ستائیس فروری 2019ء کو پاک فوج نے کمال جنگی حکمت عملی سے پاک سرزمین میں داخلے کی کوشش پر دشمن کے دو جنگی طیارے مار گرائے۔ بھارت کا ایک طیارہ آزاد کشمیر میں، دوسرا مقبوضہ کشمیر کی حدود میں گرا۔ جوابی حملے نے پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا اور جنگ کی باتیں کرنے والا بھارت جھاگ کی طرح بیٹھ گیا۔

آزاد کشمیر کی حدود میں گرنے والے بھارتی طیارے کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھینندن کی ڈرامائی گرفتاری اور وائرل ویڈیو میں پاکستانی چائے کی تعریف پر بھارت میں سانپ سونگھ گیا تھا۔ہوراں کے مقام پر بھارتی ہزیمت کی یادگار اور وہاں پوری آب وتاب کے ساتھ لہراتا سبز ہلالی پرچم دشمن پر پاکستان اور اس کی بہادر افواج کی دھاک بٹھاتا رہے گا۔

تاریخی دن کی مناسبت سے ملکی اور غیر ملکی میڈیا کے ارکان بڑی تعداد میں آزاد کشمیر پہنچ گئے ہیں۔ اس موقع پرانہوں نے بھارتی طیارہ گرنے کے مقام میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔
ہوراں پہنچنے والے میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں پائلٹ ابھینندن کو پکڑ کر پاک فوج کے حوالے کرنے والے بہادر کشمیریوں نے ایک بار پھر واقعے کی یاد تازہ کر دی۔

27 فروری کا دن واضح پیغام ہے کہ کوئی طاقت ایک متحد قوم کو شکست نہیں دے سکتی۔ اس دن کو سرپرائز ڈے کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ دوسری طرف آزاد کشمیر میں فتح کی یادگار مسلح افواج اور کشمیری عوام کے بلند حوصلوں کی امین ہے۔ پاک فوج نے ثابت کر دیا کہ وہ دنیا کی بہترین فوج ہے۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *