سندھ: حکومت کی سرپرستی میں اسکاؤٹس سیلاب متاثرین کی امدادی کارروائیاں جاری

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ کے اسکاؤٹس حکومت سندھ کی سرپرستی میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں متاثرین کی مدد کیلئے کوشاں ہیں جبکہ کراچی سے امدادی سامان متعلقہ متاثرہ اضلاع میں ضلعی اسکاؤٹ سیکریٹریز کے توسط سے تقسیم کیا جارہا ہے

۔اس سلسلے میں سندھ بوائےاسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے صوبائی اسکاؤٹ ہیڈکوارٹرز پر صوبائی اسکاؤٹ سیکریٹری سید اختر میر کی صدارت میں کراچی کے ڈسٹرکٹ سیکڑیٹریز کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں سندھ بھر میں آنے والے سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس سلسلےمیں فوری طور پر صوبائی ہیڈ کوارٹرز اور ٹریننگ سینٹر پرمرکزی فلڈ کیمپ کا قیام عمل میں لایا گیا ۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ سیکریٹریز کو امدادی سرگرمیاں تیز ، مربوط اور منظم کرنے کے علاوہ روزمرہ کارکردگی کی مختصر اور جامع رپورٹ صوبائی ہیڈکوارٹرز بھیجنے کی ہدایت دی گئی ۔

مزید پڑھیں:یوکرین فوج کے ناکام حملے میں روسی فوج کے ہاتھوں 1200 سے زائد فوجی ہلاک

اجلاس میں صوبائی خازن محمد حسین مرزا، کمشنر میڈیا اینڈ ڈیولپمنٹ فرقان احمد یوسفی ، نیشنل کمشنر پرائیوٹ اسکولز ایجوکیشن انور علی بھٹی ، ریسکیو کمشنر محمد طاہر شیخ ، کمشنر ایمرجنسی ریسپانس سرور حسین ،یوتھ کمشنر عبد الحئی خان ، کراچی ڈویژن کے آرگنائزرمحمد جاوید ،پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے عبد الرحمن ، کراچی اوپن ڈسٹرکٹ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے سیکریٹری آغا طاہر ، اسماعیلی ڈسٹرکٹ کےسیکریٹری علی تھاروانی ، لیڈر ٹرینر طارق علی ، کراچی ڈسٹرکٹ سینٹرل کی سیکریٹری بشری احسان ، کراچی ویسٹ کے سیکریٹری سید خورشید حسین جعفری ، کراچی ساؤتھ کے سیکریٹری ارشد آرائیں ، ڈی ایم سی سینٹرل کےسیکریٹری محمد علی ،ڈی ایم سی ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے سیکریٹری محمد صادق جعفری اور دیگر نے اظہار خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ امداد ی سرگرمیوں کے حوالے سے اپنی اپنی تجاویز دیں ۔ اجلاس میں کراچی سے امدادی سامان لے جانے والے اسکاؤٹس کو ہدایت کی گئی کہ وہ متاثرہ علاقے میں امدادی سامان اس ضلع کے اسکاؤٹ سیکریٹری کی معاونت سے تقسیم کریں جنہوں نے پہلے ہی متاثرین کا سروے کررکھا ہے۔

مزید پڑھیں:یوکرین فوج کے ناکام حملے میں روسی فوج کے ہاتھوں 1200 سے زائد فوجی ہلاک

اجلاس کو بتایا گیا کہ سندھ بھر میں اسکاؤٹس اپنے اپنے اضلاع میں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں اور متحرک ہیں ۔ سندھ بھر میں اسکاؤٹس گروپوں اور ضلعی ایسوسی ایشنز نے ریلیف کیمپ قائم کردیئے ہیں جبکہ خیر پور ، سکھر ، لاڑکانہ ، شکار پور ، نوشہروفیروز ، شہید بے نظیر آباد ، جیکب آبا، کندھ کوٹ ، بدین ، ٹھٹھہ ، حیدر آباد ، ٹنڈومحمد خان ، ٹنڈو الہیار ، سجاول میں اسکاؤٹس سیلاب کے متاثرین میں پلاسٹک شیٹ ،ترپال اور ٹینٹ کی فراہمی کے علاوہ مخیر حضرات کے تعاون سے پکا پکایا کھانا بھی فراہم کر رہے ہیں اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔

گذشتہ دنوں کراچی سینٹرل بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن ، العربیہ اسکاؤٹس ،جوہر اسکاؤٹس، بو تراب اسکاؤٹس ، ،میٹرو پولیٹن اسکاؤٹس ، ابوالحسن اسکاؤٹس گروپ نے ٹھٹھہ ، سجاول ، دادو ، بدین ، ٹنڈو الہیار ، سکھر ، شکار پور ، جیکب آباد ، خیر پور کے متاثرہ علاقوں میں جا کر متاثرین میں امدادی سامان اور پکاپکایا کھانا تقسیم کیاجبکہ الممتاز اسکاؤٹس گروپ نے قمبر شہداد کوٹ میں متاثرین میں دو ٹرک امدادی اشیاء تقسیم کیں۔