مشکل کی اس گھڑی میں ہم سب کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے، سید شرف علی شاہ

کراچی : میٹرک بورڈ کراچی میں بورڈ انتظامیہ، ملازمین اور ایپکا کی جانب سے حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے قائم کردہ خصوصی امدادی کیمپ کا سید شرف علی شاہ چیئرمین بورڈ ہذا نے دورہ کیا ۔

جس میں بورڈ ملازمین، اساتذہ کرام، والدین اور طلباء و طالبات کی طرف سے عطیات جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔

اس موقع پر سید شرف علی شاہ صاحب چیئرمین بورڈ ہذا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک کے بیشتر علاقے اس ناگہانی آفت سے متاثر ہوئے ہیں، بارشوں سے متاثرہ افراد کی فوری بحالی کے لیے اس مشکل گھڑی میں ہم سب کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے ۔

حالیہ سیلابوں نے بہت بڑے پیمانے پر تباہی پھیلائی ہے جس کے فوری ازالے کے لیے حکومت کے ساتھ ساتھ، فلاحی تنظیمیں، سیاسی و مذہبی پارٹیاں، سماجی تنظیمیں سرکاری ونجی ملازمین، تاجر برادری، طلباء و طالبات سمیت تمام شہری بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں جو یقینا خوش آئند ہے ۔