نجی اسکول سے نویں جماعت کی 2 طالبات اغوا کر لی گئیں

کراچی : کراچی تھانہ سول لائن کی حدود میں واقع ہجرت کالونی کے نجی اسکول سے نویں کلاس کی دو طالبات غائب ہو گئیں ، والدین نے دو مقدمات درج کرا دیئے ہیں ، تھانہ سول لائن پولیس نے ایک مقدمہ میں نامزد دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ سول لائن کی حدود میں واقع ہجرت کالونی کے اسکول دارلمنان سے نویں کلاس کی دو بچیاں جمعہ کو اسکول گئیں جس کے بعد واپس گھر کو نہیں گئیں ، جس کے بعد دونوں طالبات کے والدین نے تھانہ سول لائن میں مقدمہ درج کرا دیا ہے جس میں ایک والد نے نامعلوم جب کہ دوسرے والد نے دو نامزد ملزمان کے نام مقدمہ درج کرایا ہے ۔

الرٹ نیوز کو حاصل ہونے والی دستاویزات کے مطابق تھانہ سول لائن میں درج مقدمہ نمبر 106/2022 کے مطابق ہجرت کالونی کے رہائشی افسر علی ولد سیف الملوک کی بیٹی 16 سالہ ( ی ب ) جمعہ کو اسکول گئی جس کے بعد اس کی دونوں بہنیں اسکول سے واپس آ گئیں جب کہ (ی ب ) اسکول سے واپس نہیں آئی ۔

اسکول میں معلوم کیا گیا تاہم اسکول انتظامیہ کے مطابق ساری طالبات گھر چلی گئی تھیں ۔ بعد ازاں معلوم ہوا کہ اسکول کی نویں جماعت کی ایک اور طالبہ (ک ص ) بھی اسکول سے گھر واپس نہیں گئی ، افسر علی نے مقدمہ میں نا معلوم ملزمان پر 365B ت ب کے تحت مقدمہ درج کرایا ہے ۔

دارلمنان اسکول کی نویں جماعت کی دوسری بچی 17 سالہ  (ک ص ) کے والد محمد صدیق ولد بخشیش نے تھانہ سول لائن میں 104/2022 درج کرایا ہے جس میں لکھا ہے کہ ان کی بچی صبح اسکول گئی ، جس کا بھائی بھی اسکول ساتھ گیا تھا ، بھائی اسکول سے اکیلا واپس آیا جس سے پوچھا کہ بہن کہاں ہے تو اس نے کہا وہ پرنسپل کے دفتر میں گئی ہے ۔

بعد میں دوبارہ اسکول سے رجوع کیا تو معلوم ہوا کہ بچی گھر واپس چلی گئی ہے ۔ ہم نے اپنے طور پر معلوم کیا ہے ہمیں معلوم ہوا ہے کہ ہماری بیٹی کو دو اشخاص فرمان اللہ ولد عصمت اللہ اور ظاہر شاہ ولد طاہر شاہ بہلا پھسلا کر زنا کی نیت سے اغوا کر لے گئے ہیں ۔ لہذاہ دونوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور ہماری بیٹی بازیاب کرائی جائے ۔ پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف 34 اور 365 بی کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

نمائندہ الرٹ کے رابطہ کرنے پر افسر علی کا کہنا تھا کہ میری تین بیٹیاں دو ماہ سے اس اسکول میں جانے لگی تھیں ، تین بیٹیاں اس اسکول میں پڑھتی ہیں جن میں دو بچیاں نویں کلاس میں اور ایک چوتھی کلاس میں پڑھتی ہے ۔ میں نے نا معلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے اور جب بیٹی بازیاب ہو گی تو ہی معلوم ہو گا کہ کون لیکر گیا تھا ۔

دوسری بچی کے والد محمد صدیق کا کہنا ہے کہ میں نے دونوں ملزمان کے نام درج کرائے ہیں جن میں اس اسکول کی بلڈنگ کا مالک ظاہر شاہ اور فرمان اللہ دونوں پولیس نے گرفتار کر لیئے ہیں ۔

تھانہ اسکول لائن کے ایس ایچ او اسرار حسین بریرو کا کہنا ہے کہ ہم نے ایک ایف آئی آر میں نامزد دو ملزمان کو گرفتار کر کے ایس آئی او کے حوالے کر دیئے تھے مذید تفتیش وہ کر رہے ہیں ۔ تھانہ سول لائن کے ایس آئی او منور کا کہنا ہے کہ ہم نے اسکول کا مالک ظاہر کا بیٹا زبیر شاہ اور اس کے علاوہ دوسرا ملزم فرمان اللہ گرفتار کیئے ہیں ۔ امید ہے کہ جلد ہی ہم بچیوں کو بازیاب کرا لیں گے ۔

معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ اسکول دارالمنان کے نام سے ڈائریکٹوریٹ آف انسپکشن ، رجسٹریشن آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن سندھ میں رجسٹرڈ ہی نہیں ہے ۔