کراچی : جامعہ کراچی شعبہ نباتات کے سابق چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سید احتشام الحق انتقال کر گئے ہیں ۔انجمن اساتذہ نے جامعہ کے استاد کی رحلت کو علمی نقصان قرار دیا ہے اور ان کیلئے دعائے مغفرت کی ہے ۔
پروفیسر ڈاکٹر سید احتشام الحق جامعہ کراچی کے شعبہ نباتات کے چیئرمین بھی رہے ہیں اور اس کے علاوہ وہ بیالوجی ریسرچ سینٹر (بی آر سی) کے ڈائریکٹر بھی تعینات رہے ہیں ، وہ چند ماہ قبل ہی جامعہ سے ریٹائرڈ ہوئے تھے ۔
پروفیسر ڈاکٹر سید احتشام الحق کو 10 روز قبل اسٹوک کے باعث اسپتال لے جایا گیا تھا ، جنہیں علاج معالجے کے لئے لیاقت نیشنل میں داخل کرا دیا گیا تھا تاہم ان کا اتوار کو انتقال ہو گیا ۔
معلوم رہے کہ ان کی اہلیہ پروفیسر وِقار سلطانہ کا بھی ڈیڑھ برس قبل انتقال ہو گیا تھا ، جو بایو کیمسٹری کی استاد رہی تھیں ، جن کی وفات کے بعد بھی جامعہ کراچی شعبہ فنانس نے ان کے واجبات پروفیسر ڈاکٹر سید احتشام الحق کو ادا نہیں کئے تھے، جس کی وجہ سے وہ اس حوالے سے کافی پریشان بھی رہے ۔
معلوم رہے کہ پروفیسر ڈاکٹر سید احتشام الحق وائس چانسلر جامعہ کراچی کے امیدواروں میں سے تھے ، جن کے ریسرچ پیپر بین الاقوامی مجلات میں شائع ہوتے رہے ہیں ، جن کی تعداد ایک سو کے قریب بتائی جاتی ہے اور بین الاقوامی مجلات میں شائع ہونے والے ریسرچ پیپرز میں ان کا مقابل کوئی اور امیدوار نہیں تھا ۔
جامعہ کراچی کے انجمن اساتذہ کے صدر ڈاکٹر شاہ عالی القدر نے ڈاکٹر سید احتشام الحق کی وفات کو علمی نقصان قرار دیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ سید احتشام الحق اور ان کی اہلیہ وِقار سلطانہ دونوں میرے اساتذہ میں شامل ہیں ۔ اللہ تعالی ان کی بخشش فرامائے اور انہیں کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے ۔امین