دو پاکستانی پی ایچ ڈی طلبہ کیلئے بین الاقوامی ٹریول ایوارڈ

کراچی : بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے دو پی ایچ ڈی طالب علموں بشمول محمد جمال اور زید عبدالرزاق نے حال ہی میں انٹر نیشنل سوسائٹی فار نیورو کیمسٹری کا ”آئی ایس این ٹریول ایوارڈ“ اپنے نام کرلیا ہے۔

جس کے تحت دونوں اسکالر28اگست اور پہلی ستمبر2022کے دوران امریکہ کے شہر ہونولولومیں منعقد ہونے والی انٹر نیشنل سوسائٹی فار نیورو کیمسٹری کے تحت آئی ایس این – اے پی ایس این2022میٹنگ میں شرکت کرنے جائیں گے۔

مزید پڑھیں:وفاقی جامعہ اردو کی جانب سے بلوجستان سیلاب متاثرین کے لئے امدادی سامان جمعے کو روانہ

آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ترجمان نے جمعہ کو کہا ہے کہ محمد جمال اور زید عبدالرزاق کا تعلق بالترتیب ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری اور ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی) جامعہ کراچی سے ہے جہاں وہ پروفیسر ڈاکٹر شبانہ عثمان سمجی کی زیرِ نگرانی پی ایچ ڈی کر رہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق 1965 میں قائم کی گئی انٹر نیشنل سوسائٹی فار نیورو کیمسٹری واحد سوسائٹی ہے جو خالصتاً نیورو کیمسٹری پر توجہ مرکوز کرتی ہے۔ یہ سوسائٹی مالیکولر اور سیلولر نیوروسائنس کے تمام پہلوؤں کو فروغ دیتی ہے۔

مزید پڑھیں:صوبائی وزیر برائے وومن ڈویلپمنٹ جامعہ کراچی کے ڈے کیئر سینٹر کو فوری طور پر فعال کریں، پروفیسر ڈاکٹر شاہ علی القدر

بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری نے دونوں طالب علموں کو اُن کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی سے جڑے ہوئے تمام طالب علم اپنی تعلیمی استعداد کی بنیاد پر ملکی اور غیر ملکی اعزازات حاصل کرنے کے لئے پُر عزم ہیں،ان باصلاحیت اور قابل نوجوان اسکالروں کی موجودگی ادارے کے لیے قابلِ فخر ہے۔

شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی اور سرپرستِ اعلیٰ بین الاقوامی مرکز اور سابق وفاقی وزیر برائے سائینس اور ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن نے بھی ہونہار طالب علموں کو اُن کی میا بی پر مبارکباد دی ہے۔