جناح ایئرپورٹ سے مسافر خاتون سے 4 کروڑ روپے کی ہیروئن ضبط

کراچی : کلکٹریٹ آف کسٹمز جناح انٹرنیشنل ائیر پورٹ نے کارروائی میں غیر ملکی خاتون مسافر سے چار کروڑ مالیت کی ہیروئن ضبط کر لی گئی ، مقدمہ درج کر کے خاتون ملزمہ کو تفتیشی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق کسٹمز کلکٹریٹ جناح انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر یوگینڈا سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پرواز نمبر pk-214 سے آنے والی غیر ملکی خاتون مسافر کرسٹین نیلوبیگا کو شک کی بنیاد پر روک کر سامان کی تلاشی لی ۔

کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ ائیر پورٹ پر تعینات ڈپٹی کلکٹر کسٹم عبیر جاوید کی نگرانی میں غیر ملکی خاتون کی جامع تلاشی اور بریف کیس کی تلاشی کے دوران بیگ کے خفیہ خانوں سے 1900 گرام کوکین برآمد ہوئی ہے ۔

کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ بیگ میں انتہائی مہارت سے چھپائی ہوئی تھی جس کی مقامی مارکیٹ میں مالیت چار کروڑ 70 لاکھ کے لگ بھگ ہے ۔ پاکستان کسٹم نے کسٹم ایکٹ 1997 کے تحت مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے اور ملزمہ کو کسٹم کی پروسیکوشن اینڈ انوسٹی گیشن کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔